...اور اجیت پوار نے مسکرا کر سپریا سولے کو لگایا گلے، ہو گئے سبھی گلے شکوے دور!

این سی پی لیڈر سپریا سولے نے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا بھی ہاتھ جوڑ کر گرمجوشی سے استقبال کیا۔ جیسے ہی دیویندر فڑنویس مسکراتے ہوئے آگے بڑھے تو ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان سے بات کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور آزاد 287 نومنتخب اراکین اسمبلی نے بدھ کو مہاراشٹر اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں حلف برداری تقریب میں حصہ لیا۔ انھیں پروٹیم اسپیکر کالی داس این کولامبکر نے حلف دلایا۔ شیوسینا رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے، این سی پی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے- اجیت پوار، کانگریس کے مختلف لیڈران اسمبلی میں داخل ہو رہے ہر پارٹی کے رکن اسمبلی کا ہاتھ ملا کر گرمجوشی سے استقبال کر رہے تھے۔ جیسے ہی اجیت پوار اسمبلی میں پہنچے تو سپریا سولے نے ہاتھ جوڑ کر ان کا استقبال کیا۔ اس درمیان سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے مسکراتے ہوئے چچازاد بہن کو گلے لگایا۔ سپریا سولے نے بھی مسکراتے ہوئے ان کے پیر چھوئے اور ایسا محسوس ہوا جیسے دو دن پہلے جو کچھ ہوا تھا، وہ سب کافور ہو گیا۔


سپریا سولے نے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا بھی گرمجوشی سے ہاتھ جوڑ کر استقبال کیا اور جب وہ مسکراتے ہوئے آگے بڑھے تو ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ان سے بات کی۔ سپریا سولے نے سابق اسپیکر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ہری بھاؤ باگڑے اور دیگر لیڈروں کا بھی گرمجوشی سے استقبال کیا، جس سے گزشتہ کئی دنوں سے جاری کشیدہ ماحول کچھ خوشگوار سا معلوم پڑنے لگا۔


وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے منتخب کیے گئے ادھو ٹھاکرے اسمبلی آنے اور دیگر اراکین اسمبلی سے ملنے سے قبل راج بھون میں گورنر بی ایس کوشیاری سے رسمی ملاقات کے لیے پہنچے۔ ان کے ساتھ ان کی بیوی رشمی بھی موجود تھیں۔ ادھو ٹھاکرے نے گورنر کوشیاری کو پھولوں کا ایک گلدستہ بھی پیش کیا۔


واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے کو شیوسینا-این سی پی-کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ذریعہ اتفاق رائے سے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے ’مہا وکاس اگھاڑی‘ کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف 28 نومبر کو لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔