مہاراشٹر بلدیاتی انتخاب: ووٹنگ کے دوران بانٹے گئے پیسے، بی جے پی لیڈر کے گھر والوں پر سنگین الزام عائد

رائے گڑھ ضلع کے ماتھیران نگر پالیکا حلقہ میں انتخابی عمل کے دوران 5 لاکھ روپے کی نقدی پکڑی گئی ہے۔ پکڑے گئے نوجوان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ ہوٹل کے پیسے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے مختلف حصوں میں 2 دسمبر کو بلدیاتی انتخاب کے پیش نظر ووٹنگ کا عمل انجام پا رہا ہے۔ ریاست کی 246 نگر پالیکا اور 42 نگر پنچایتوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس درمیان کئی مقامات پر پولنگ مراکز کے قریب میں نقدی تقسیم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ بھی شروع کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چندرپور ضلع کی راجورا نگر پالیکا، حصہ 4 کے بی جے پی نگر سیوک عہدہ کے امیدوار امول چلاوار کے والد اور بی جے پی لیڈر پانڈورَنگ چلاوا پر ووٹنگ کے دوران 500-500 روپے کے نوٹ ووٹرس کو تقسیم کرنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر سورج ٹھاکرے نے اس کی شکایت الیکشن ڈپارٹمنٹ میں کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چلاوار فیملی کے گھر کے پیچھے واقع آٹا چکی کے شیڈ سے یہ پیسے تقسیم کیے جا رہے تھے۔


اسی طرح رائے گڑھ ضلع کے ماتھیران نگر پالیکا علاقہ میں انتخابی عمل کے دوران 5 لاکھ روپے نقدی پکڑی گئی ہے۔ پکڑے گئے نوجوان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ یہ ہوٹل کے پیسے ہیں، لیکن ماتھیرا پولیس اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔ اکولا ضلع کے اکوٹ میں بھی پیسوں کی تقسیم کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ شبہ ہونے پر بی جے پی اور دیگر امیدواروں کے نمائندوں میں کہا سنی شروع ہو گئی۔ یہ تنازعہ بعد میں بڑھ کر ہاتھا پائی تک پہنچ گیا اور پولیس کی مداخلت سے معاملہ ٹھنڈا ہوا۔ اکوٹ شہر کے بس اسٹینڈ کے پاس نگر پریشد اردو پرائمری اسکول کے پولنگ مرکز کے باہر یہ واقعہ پیش آیا۔

اپوزیشن امیدواروں کے نمائندوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے بوتھ کے باہر پیسے تقسیم کیے جا رہے تھے۔ اکوٹ سٹی پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔ شیوسینا (شندے گروپ) کی نگر پریسیڈنٹ عہدہ کی امیدوار چنچل پتامبروالے نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی رضامندی سے ہی بی جے پی کے لوگ پیسے تقسیم کر رہے ہیں۔


بلڈھانا کے کھامگاؤں شہر کے حصہ-7، محبوب نگر میں بھی ووٹرس کو پیسے تقسیم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 50 ہزار روپے کی نقدی ضبط بھی کی گئی ہے۔ پیسے تقسیم کرنے والے 3 افراد فرار ہو گئے۔ نقدی کے ساتھ بی جے پی امیدوار لکشمن آئیلانی سے جڑی کچھ چیزیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ اسی طرح بیڈ کے ماجلگاؤں شہر میں ووٹنگ کے دوران ہی بوتھ کے پاس پیسے تقسیم کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 2 گروپ آپس میں متصادم بھی ہو گئے اور خوب مار پیٹ ہوئی۔ پولیس نے فوراً مداخلت کر دونوں فریقین سے کچھ لوگوں کو حراست میں لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔