’لاڈکی بہن‘ کے نام پر بی جے پی نے 12431 مردوں کو دے دیے پیسے، کانگریس نے ووٹ خریدنے کا لگایا الزام
کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی والے کہیں ووٹ چوری کرتے ہیں، تو کہیں پیسے دے کر ووٹ خریدنے کی سازش کرتے ہیں۔ یہی بی جے پی کا پیٹرن ہے۔

مہاراشٹر میں ’لاڈکی بہن‘ منصوبہ ایک تشویش ناک بے ضابطگی میں پھنستا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق خواتین کے لیے مختص اس منصوبہ کا فائدہ ہزاروں مردوں کو دے دیا گیا ہے۔ کانگریس نے اس معاملے میں بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایسا مہاراشٹر میں ووٹ خریدنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
دراصل انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ نے آر ٹی آئی کے تحت جانکاری حاصل کی ہے کہ ہزاروں مردوں کو 13 مہینوں تک 1500 روپے ماہانہ دیے گئے۔ حالانکہ ویریفکیشن کے بعد ان مردوں کا نام استفادہ کنندگان کی فہرست سے ہٹا دیا گیا۔ ہندی نیوز پورٹل ’جَن ستّا‘ میں اس تعلق سے رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس کا اسکرین شاٹ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ اس رپورٹ کا عنوان ہے ’مہاراشٹر میں لاڈکی بہنوں کے حق کا پیسہ ڈکار گئے 12431 مرد‘۔ اس اسکرین شاٹ کے ساتھ کانگریس نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر میں انتخاب سے قبل پیسے دے کر ووٹ لینے کی اسکیم نکالی گئی ’لاڈکی بہن یوجنا‘۔ بی جے پی نے انتخاب میں پیسہ تقسیم کر ووٹ لینے کے لیے خواتین کی اس اسکیم میں 12431 مردوں کو جوڑ دیا اور انھیں پیسے تقسیم کر دیے۔‘‘
سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے آگے لکھا ہے کہ ’’تقریباً 77980 نااہل خواتین کو بھی اس منصوبہ میں شامل کر لیا گیا۔ اس حساب سے ’لاڈکی بہن‘ کے نام پر ووٹ خریدنے کے لیے بی جے پی نے تقریباً 165 کروڑ روپے پھونک دیے۔ اس سے صاف ہے کہ یہ منصوبہ بی جے پی کی انتخابی دھاندلی ہے، منصوبہ کے نام پر بڑا گھوٹالہ ہے۔‘‘ پارٹی کا مزید کہنا ہے کہ ’’یہی بی جے پی کا پیٹرن ہے۔ یہ کہیں ’ووٹ چوری‘ کرتے ہیں، تو کہیں پیسے دے کر ووٹ خریدنے کی سازش کرتے ہیں۔ لیکن اب ان کی یہ انتخابی سازش پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ عوام سب دیکھ رہی ہے، زبردست سبق سکھائے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ آر ٹی آئی کے تحت ’انڈین ایکسپریس‘ کے ذریعہ حاصل ڈاٹا کے مطابق محکمہ ترقی خواتین و اطفال نے بتایا کہ صرف خواتین کی مدد کے لیے شروع کیے گئے منصوبہ کا 12431 مردوں کو بھی فائدل ملا تھا۔ ویریفکیشن کے بعد ان مردوں کو فائدہ حاصل کرنے والوں کی لسٹ سے ہٹا دیا گیا۔ ساتھ ہی 77980 خواتین کو بھی نااہل کی شکل میں پہچانا گیا ہے۔ مجموعی طور پر آر ٹی آئی کے جواب سے پتہ چلتا ہے کہ اس منصوبہ کے تحت مردوں کو 13 مہینوں تک 1500 روپے ماہانہ دیے گئے، جبکہ نااہل خواتین کو 12 مہینوں تک یہ رقم غلط طریقے سے دی گئی۔ مردوں کے لیے 24.24 کروڑ روپے اور نااہل خواتین کے لیے تقریباً 140.28 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ مجموعی طور پر یہ رقم کم از کم 164.52 کروڑ روپے ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔