مہاراشٹر: مہاد میں تودہ گرنے کے مقام سے مزید 8 لاشیں برآمد
22 جولائی کو شدید بارش کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کو لینڈ سلائیڈ کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے متعدد گاؤں والے اس کی زد میں آگئے، اب تک مرنے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔

تھانے: تھانے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ٹی ڈی آر ایف) نے مہاد کے گاؤں تلئے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائڈ کے واقعہ کے بعد ایک وسیع امدادی اور تلاشی مہم کی کارروائی کے دوران مزید 8 لاشیں برآمد کی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 52 ہوگئی۔ 22 جولائی کو شدید بارش کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کو لینڈ سلائیڈ کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے متعدد گاؤں والے اس کی زد میں آگئے۔
اس واقعہ کے فوراً بعد تھانہ ضلع انچارج وزیر ایکناتھ شنڈے کے ساتھ سٹی میئر نریش مہاسکے اور ٹی ڈی آر ایف کی ٹیم گاؤں پہنچی اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔ ٹی ڈی آر ایف کی ٹیم نے متاثرہ گاؤں پہنچنے کے بعد لاشوں کی تلاش کا کام بھی شروع کردیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ تک تودہ گرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے ملبے سے مزید 8 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت وگنیش پانڈے (7 ماہ)، ہیبات کونڈالکر (65)، گنپت جادھو (85)، ایشانت یادو (10)، کرن یادو (9)، لیلا بائی کونلکر (65) اور کشن ملسارے (57) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 60 سے 85 سال کے درمیان ایک متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔