مہاراشٹر: لاؤڈ اسپیکر تنازعہ کے درمیان خوشی سے منائی گئی عید

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلم کمیونٹی کے ارکان کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے اور گلے لگاتے دیکھا گیا۔ وہ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے تھے۔

نماز عید
نماز عید
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: وبائی امراض کے دو سال بعد پہلی بار ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں لاکھوں مسلمانوں کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ عید الفطر مناتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران مسلم کمیونٹی کے لوگ عید الفطر اور روایتی صلوٰۃ عید کی ادائیگی کے لیے گھروں سے نکلے اور مساجد اور عیدگاہ کے میدانوں میں پہنچے۔ اس بار عید کا تہوار ایسے وقت میں منایا گیا جب ریاست میں لاؤڈ اسپیکر کا مسئلہ شباب پر ہے۔

ممبئی میں جمعہ مسجد، منارا مسجد، مجھ گاؤں کی مساجد، بائیکلہ، بھنڈی بازار، کولابہ، باندرہ، اندھیری، جوگیشوری، ملاڈ، کاندیوالی، بوریولی، کرلا، ساین، گھاٹ کوپر، پوائی جیسے اہم مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔ اس کے علاوہ چرچ گیٹ، باندرہ، کرلا اور بھانڈوپ کے عیدگاہ گراؤنڈ میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ بامبے ٹرسٹ جامع مسجد کے صدر شعیب خطیب نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ "رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر نمازیوں کی بڑی بھیڑ کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے، بہت سی مساجد نے دو سے تین مرتبہ جماعت کا اہتمام کیا ہے تاکہ ہجوم کو سڑکوں یا عوامی مقامات پر پھیلنے سے روکا جا سکے، جس سے دوسروں کو اس سے تکلیف نہ ہو۔"


گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، شیوسینا کے صدر اور وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے، نائب وزیر اعلی اجیت پوار، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار، کانگریس کے صدر نانا پٹولے، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، سماج وادی پارٹی کے صدر ابو عاصم اعظمی سمیت ریاست کے سرکردہ معززین اور دیگر نے مسلمانوں کو عید الفطر پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رجنیش سیٹھ نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر تنازعہ کے درمیان مہاراشٹر پولیس نے پوری احتیاط سے کام لیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلم کمیونٹی کے ارکان کو ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے اور گلے لگاتے دیکھا گیا۔ وہ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دے رہے تھے۔ اس موقع پر لوگوں کے گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے گئے اور خواتین سوئیاں بنانے میں مصروف رہیں۔ شہر کے بہت سے علاقوں میں مسلمان پولیس اہلکاروں سے ملنے اور ان کا استقبال کرنے گئے اور انہیں ان کی چوبیس گھنٹے خدمات کے احترام کے طور پر 'شیر خورمہ' پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */