’مہایوتی حکومت زرعی قرض معافی اور روزگار سے متعلق وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی‘، کانگریس کا حکومت پر حملہ

کانگریس لیڈر سپکال نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے خواتین کو مالی امداد دینے، زرعی قرض معاف کرنے اور نوجوانوں کو روزگار دینے جیسے اپنے وعدے اب تک پورے نہیں کیے ہیں۔

دیوندر فڑنویس، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال نے 4 دسمبر کو مہایوتی حکومت پر زرعی قرض معافی اور روزگار جیسے ایشوز پر اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرنے کا الزام عائد کیا۔ مہایوتی حکومت کو مہاراشٹر کی قیادت سنبھالے ہوئے 5 دسمبر کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس صدر نے ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور ان کے پرانے وعدوں کو بھی یاد دلایا ہے۔

سپکال نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ختم ہوئے بلدیاتی انتخاب میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے گئے اور الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں فی الحال کوئی پیش رفت دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ اس دوران سپکال نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے خواتین کو مالی امداد دینے، زرعی قرض معاف کرنے اور نوجوانوں کو روزگار دینے جیسے اپنے وعدے پورے نہیں کیے ہیں۔ اس معاملے میں کانگریس خاموش نہیں بیٹھے گی، بلکہ اس تعلق سے مستقل آواز اٹھائے گی۔


سپکال نے مہاراشٹر حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ ہے کہ وہ مئی اور اکتوبر کے درمیان شدید بارش سے متاثر ہوئے کسانوں کی مدد کرنے میں بھی ناکام رہی۔ انھوں نے کہا کہ کئی اضلاع میں فصلیں اور زرعی زمینیں بری طرح متاثر ہوئیں، لیکن ریاستی حکومت کے زریعہ اعلان کردہ 33 ہزار کروڑ روپے کے راحتی پیکیج سے متعلق کچھ بھی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت نے مالی امداد کے لیے مرکز کو تجویز بھیجی ہی نہیں تھی، اس لیے اسے رقم نہیں ملی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کا ارادہ کسانوں کو مدد پہنچانے کا تھا ہی نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔