مدھیہ پردیش میں ریت، پتھر اور کانکنی کاروبار پر مافیا کا قبضہ، بی جے پی رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ شیوراج کو لکھا خط

ستنا ضلع کے میہر اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو خط لکھا ہے کہ ریاست میں ریت اور پتھر کے غیر قانونی کاروبار نے وسعت اختیار کر لی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے بی جے پی رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے غیر قانونی کانکنی اور کاروبار کا ایشو اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ایک خط لکھا ہے۔ ستنا ضلع کے میہر اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے جمعہ کو لکھے گئے اس خط میں کہا ہے کہ ریاست میں ریت اور پتھر کے غیر قانونی کاروبار نے اس وقت وسیع شکل اختیار کر لی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مافیاؤں پر انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ جہاں اجازت نہیں ہے وہاں غیر قانونی کھدائی بلاجھجک جاری ہے، وہاں منظم گروہ حکومت کو معاشی نقصان اور ماحولیاتی نقصان پہنچانے میں مصروف ہیں۔

وزیر اعلیٰ کو نارائن ترپاٹھی کے ذریعہ لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وندھیہ، بندیل کھنڈ، نرمدا اور چنبل سبھی جگہ ایک جیسی حالت ہے۔ کانکنی مافیا پر کانکنی روکنے کے لیے انتظامیہ سخت کارروائی نہیں کر پا رہی ہے جس سے وہاں مافیا کے حوصلے بلند ہیں۔


رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے اپنے خط میں آگے لکھا ہے کہ ستنا، شہڈول، امریا اور انوپ پور ضلعوں میں غیر قانونی کھدائی کاروبار بلا روک ٹوک جاری ہے۔ مافیا کی منمانی کے سبب ہی ریت کی قیمت بہت زیادہ ہونے سے حکومتی تعمیری کام متاثر ہو رہے ہیں۔ سرکاری عمارتوں کی تعمیر سے ٹھیکیدار دور بھاگ رہے ہیں۔ مہنگی ریت کے سبب پردھان منتری آواس جیسے منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو حساس اور ماحولیات سے محبت کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کے مفاد کے لیے فکر مند بتاتے ہوئے گزارش کی ہے کہ غیر قانونی کھدائی کو سختی سے روکیں اور مافیا پر نکیل کسیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔