مدھیہ پردیش: گنا ضلع میں شکاریوں نے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا، ایک دیگر زخمی

پولیس ذرائع کے مطابق صبح 3 بجے کے قریب پیش آنے والے واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کے ایک ساتھی کی لاش ہارون تھانہ سے ملحقہ راگھوگڑھ علاقے سے ملی۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

یو این آئی

گنا/ بھوپال: مدھیہ پردیش کے گنا ضلع کے ارونا تھانہ علاقے کے جنگل میں آج علی الصبح جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار معاملے میں ملزمین کو پکڑنے پہنچی پولیس ٹیم پر ملزمین نو گولیاں چلا دیں جس سے تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے اور پولیس کی گاڑی چلانے والا ایک شخص شدید طور پر زخمی ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق صبح 3 بجے کے قریب پیش آنے والے واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کے ایک ساتھی کی لاش ہارون تھانہ سے ملحقہ راگھوگڑھ علاقے سے ملی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے ضلع میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے جن کی تعداد نصف درجن سے زائد بتائی جاتی ہے۔ شہید ہونے والے تین پولیس اہلکاروں میں سب انسپکٹر راجکمار جاٹاو اور دو جوان نیرج بھارگوا اور سنترام مینا شامل ہیں۔


اس درمیان وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تین پولیس اہلکار شکاریوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔ اس پورے واقعے کے ملزمان کی پہچان کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی جو تاریخ میں ایک مثال قائم کرے گی۔ پولیس کی اضافی نفری کو جائے وقوع اور آس پاس کے علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مجرموں کو کسی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔

چوہان نے کہا کہ شہید کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کی سمان ندھی دی جائے گی۔ ان کے خاندان کے ایک ایک فرد کو سرکاری ملازمت میں بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے شہید پولیس جوانوں کی آخری رسومات پورے پولیس اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے گوالیار زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس انیل شرما کو بھی ہٹانے کی ہدایت دی اور انہیں فوری طور پر ہٹا دیا گیا۔


اس درمیان گنا سے یواین آئی کے مطابق انکاؤنٹر صبح 3 بجے کے آس پاس ہوا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیو کمار مشرا بھی موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان پولیس کی رائفل بھی لوٹ کرلے گئے۔ آرون کے جنگلاتی علاقے میں کالے ہرن اور مور کے شکار کے سلسلے میں شکاریوں کی آمد کی اطلاع پر آرون پولیس کی مختلف ٹیمیں علاقے میں تلاشی لے رہی تھیں۔ فی الحال اس معاملے میں محکمہ جنگلات کی کارروائی کے بارے میں واضح نہیں ہو سکا ہے۔

پولیس ٹیمیں آرون کے علاقے کے جنگل میں تھیں، جب ان کا سامنا تقریباً نصف درجن موٹر سائیکل پر سوار ملزمان سے ہوگیا۔ مبینہ طور پر وہ جنگلی حیات کا گوشت اور باقیات بھی رکھے ہوئے تھے۔ پولیس کی جانب سے چیلنج کرنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جواب میں پولیس اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔ جس کی وجہ سے تین جوان شہید اور ایک پولیس گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ ایک ملزم کی لاش ملی ہے اور اس کی شناخت نوشاد خان کے نام سے ہونے کی خبر ہے۔


اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیراعلی چوہان نے فوری طور پر راجدھانی بھوپال میں اپنی رہائش گاہ پر ایک میٹنگ بلائی، جس میں وزیر داخلہ نروتم مشرا، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، ایڈیشنل چیف سکریٹری ہوم راجیش راجورا اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ عہدیداروں سے تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد مسٹر چوہان نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */