مدھیہ پردیش: سرکردہ لیڈر پدما شکلا نے بی جے پی چھوڑ کانگریس کا دامن تھاما

مدھیہ پردیش سماجی فلاح بورڈ کی سربراہ پدما شکلا نے اپنے عہدہ اور بی جے پی سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس واقعہ کے بعد مدھیہ پردیش بی جے پی میں کہرام کا ماحول ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل برسراقتدار بی جے پی میں کہرام کی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی ابھے مشرا کے بعد اب ریاست کے سماجی فلاح بورڈ کی سربراہ پدما شکلا اپنے عہدہ اور پارٹی سے استعفیٰ دے کر کانگریس میں شامل ہو گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پدما شکلا کو شیوراج حکومت میں کابینہ وزیر کا درجہ حاصل تھا۔ پیر کی صبح انھوں نے ریاستی سماجی فلاح بورڈ کے ساتھ ہی بی جے پی کی ابتدائی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد دوپہر میں انھوں نے مدھیہ پردیش کانگریس سربراہ کمل ناتھ کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت اختیار کرلی۔

واضح رہے کہ پدما شکلا کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی ریاست کے دورے پر آنے والے ہیں۔ پدما شکلا کے اس فیصلے سے بی جے پی حیران ہے اور پارٹی کے تمام سینئر لیڈروں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کو بھیجے گئے اپنےا ستعفیٰ نامہ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں 1980 سے بی جے پی کی رکن رہی ہوں اور تب سے پارٹی کے ذریعہ دی گئی سبھی ذمہ داریوں کو میں نے نبھایا ہے۔ لیکن 2014 کے ضمنی انتخاب کے بعد سے نظر انداز کیے جانے اور ظلم سے پریشان ہو کر پارٹی سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔ ساتھ ہی اخلاقی بنیاد پر ریاست کے سماجی فلاح بورڈ کے سربراہ کے عہدہ سے بھی استعفیٰ دے رہی ہوں۔‘‘

یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اس سے قبل اسی سال مارچ میں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی اور قدآور لیڈر ابھے مشرا نے بھی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بی جے پی چھوڑنے کے بعد ابھے مشرا نے بھی دہلی میں کئی سینئر لیڈروں کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت اختیار کی تھی۔ ابھے مشرا مدھیہ پردیش کے ریوا سیمریا کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ کانگریس کی رکنیت اختیار کرنے کے بعد ابھے مشرا نے بھی کہا تھا کہ بی جے پی میں رہ کر وہ نہ صرف گھٹن محسوس کر رہے تھے بلکہ پنچایتی راج کے خوابوں کو بھی شرمندۂ تعبیر کرنے میں ناکام تھے، کیونکہ پنچایتی راج کی سوچ راجیو گاندھی جی کی ہی تھی۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے ایک دیگر سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سرتاج سنگھ نے بھی گزشتہ دنوں پارٹی میں گھٹن محسوس ہونے کی بات کہی تھی۔ انھوں نے پارٹی کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھائے تھے۔

آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے لیڈروں اور کارکنان میں پارٹی اور اپنی حکومت کے تئیں ناراضگی اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ریاست میں 15 سالوں سے برسراقتدار بی جے پی کے لیے آنے والا انتخاب بہت بڑا چیلنج ثابت ہونے جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔