مدھیہ پردیش: پیاز کی قیمتوں میں کمی سے کسان پریشان، منڈیوں میں قیمت محض 1 روپے فی کلو، کانگریس حملہ آور

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کانگریس نے لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش میں پیاز کسان خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ یہاں کی منڈی میں پیاز 2 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔‘‘

پیاز، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کے کئی علاقوں میں اس وقت پیاز کی قیمت معمول کے مطابق ہے تو کئی علاقوں میں پیاز کی قیمت میں کافی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کی وجہ سے کسان کافی پریشان ہیں۔ مدھیہ پردیش میں پیاز کی قیمت 1 روپے فی کلوگرام تک آ گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی کم قیمت ہونے کے سبب ان کی لاگت بھی نہیں نکل پا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کسانوں کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب کسان سرکاری مدد کا بھی مطالبہ کرنے لگے ہیں۔

مندسور ضلع کے پنتھ پپلودا کے کسان ببو مالوی نے بتایا کہ ’’میں نے ایک بیگھہ میں پیاز کی کھیتی کی تھی۔ تقریباً 7-6 کوئنٹل پیاز نکلا ہے۔ لیکن پیاز کی قیمت سن کر یقین نہیں ہو پا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج پیاز کی قیمت 1.99 روپے کلو تھی، جو 2 روپے فی کلو بھی نہیں ہے۔ اس سے ہمارے منڈی آنے جانے کا خرچ بھی پورا نہیں ہو پاتا۔ پوری محنت کے بعد بھی منڈی آنے کا خرچ بھی نہیں نکل پا رہا ہے۔ فصل کی لاگت کیسے نکلے گی؟ یہاں آنے میں کرایہ اور کھانے پینے میں ہی 100 روپے سے زیادہ خرچ ہو گئے ہیں۔ قیمت ایسے ہیں کہ کسان کمائی کیسے کر پائے گا۔


مدھیہ پردیش میں پیاز کی قیمتوں میں آئی گراوٹ کو لے کر کانگریس پارٹی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش میں پیاز کسان خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ یہاں کی منڈی میں پیاز 2 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔‘‘ پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی لکھا کہ ’’کسان اپنی فصل کو سستی قیمتوں پر فروخت کرنے کو مجبور ہیں۔ انہیں فصل کی قیمت نہیں مل پا رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا کہ نریندر مودی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن انہیں برباد کر کے چھوڑ دیا ہے۔

منڈی میں پیاز فروخت کرنے آئے بھوپال سنگھ سسودیا نے بھی اپنی بات بتائی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ برکھیڑا کے ہیں اور مندسور میں پیاز فروخت کرنے آئے ہیں۔ وہ منڈی میں 7 کوئنٹل پیاز فروخت کرنے کے لیے لائے تھے، جس کی قیمت ملی ہے ان کو 170 روپے فی کوئنٹل، یعنی 1.70 روپے فی کلو۔ فروخت کے بعد لاگت بھی نہیں نکل پایا اور کرایہ بھی نہیں ملا۔ پیاز کی ان قیمتوں کو لے کر کسانوں میں کافی ناراضگی ہے۔ ان کا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتنی کم قیمت میں فروخت کرنے سے بہتر ہے کہ اسے جانوروں کو کھلا دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔