مدھیہ پردیش: 46 شہری بلدیاتی انتخابات کے لئے آج ہوگی ووٹنگ، بی جے پی اور کانگریس نے لگایا پورا زور

ریاست کے 18 اضلاع کی 17 نگر پالیکاؤں اور 29 نگر پریشدوں سمیت 46 بلدیہ اداروں میں 27 ستمبر کو ووٹنگ ہونے جا رہی ہے۔ نتائج کا اعلان 30 ستمبر کو کیا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش میں 46 شہری بلدیہ اداروں میں 27 ستمبر کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یوں تو یہ ایک چھوٹا الیکشن ہے لیکن اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات سے پہلے ان سے عام کے رخ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن کانگریس نے ان انتخابات کو جیتنے کے لیے پوری طاقت لگا دی ہے۔

ریاست کے 46 شہری بلدیاتی اداروں میں پولنگ ہونی ہے۔ یہ تمام علاقے 18 اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں اور بیشتر قبائلی اکثریتی ہیں، اس لیے دونوں جماعتیں ان علاقوں کو جیت کر سیاسی طور پر بڑا پیغام دینا چاہتی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی صدر وشنو دت شرما نے ہر علاقے میں پہنچ کر جلسہ عام کیا، کارکنوں کی میٹنگیں کیں اور موثر حکمت عملی پر زور دیا۔ اسی طرح کانگریس کی جانب سے ریاستی صدر کمل ناتھ نے ہر دور دراز علاقے تک پہنچنے کی کوشش کی۔


بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس کے تمام علاقائی رہنما شہری بلدیہ کے انتخاب میں سرگرم نظر آئے، کیونکہ ان انتخابات کی جیت اور شکست ان مقامی رہنماؤں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والی ہے۔ بی جے پی کی پوری کمان ریاستی سطح پر وزیر اعلیٰ چوہان اور ریاستی صدر شرما کے ہاتھ میں رہی، وہیں دوسری طرف کانگریس کی ساری ذمہ داری ریاستی صدر کمل ناتھ کے ہاتھ میں رہی۔

پولنگ کی تاریخ سے تقریباً ایک ہفتہ قبل دونوں سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں نے اپنی سرگرمیاں بڑھاتے ہوئے ہر ووٹر کا دل جیتنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جب کہ تنظیم اور اقتدار سے وابستہ افراد میدان میں اترنے پر مجبور ہو گئے۔

خیال رہے کہ ریاست کے 46 اداروں میں 27 ستمبر کو پولنگ ہوگی اور 30 ​​ستمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ جن مقامات پر کل انتخابات ہونے ہیں ان میں 17 نگر پالیکائیں اور 29 نگر پریشدیں شامل ہیں، جو کہ 18 اضلاع میں پھیلی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */