ایم پی: گئوکشی ملزمین پر این ایس اے کو چدمبرم نے ٹھہرایا غلط، درست ہوگی غلطی!

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کمل ناتھ حکومت سے بات کی اور ہوئی ’غلطی‘ کی طرف نشاندہی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں ندیم، شکیل اور اعظم پر گئوکشی کے الزام میں این ایس اے لگائے جانے کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔ اس معاملے میں کانگریس کے ہی کئی سرکردہ لیڈروں نے آواز اٹھائی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بہت جلد ان ملزمین کو این ایس اے سے آزادی مل جائے گی۔ تازہ بیان کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم کا ہے جنھوں نے گئوکشی کے ملزمین کے خلاف این ایس اے لگائے جانے کو غلط ٹھہرایا ہے۔

اپنی نئی کتاب ’اَن ڈانٹیڈ‘ کے اجراء کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انھوں نے واضح الفاط میں کہا کہ ’’گئوکشی کے الزام میں گرفتار تین لوگوں پر این ایس اے لگانے کا مدھیہ پردیش حکومت کا فیصلہ غلط ہے اور کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس تعلق سے کمل ناتھ حکومت سے بات کی ہے۔ انھوں نے ’غلطی‘ کو سدھارنے کے لیے بھی کہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس صدر نے متعلقہ لوگوں کے خلاف استعمال کیے گئے این ایس اے کو غلط بتایا ہے اور اس کی نشاندہی ریاستی حکومت کے سامنے بھی کی گئی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ پی چدمبرم سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر دگوجے سنگھ نے بھی مدھیہ پردیش حکومت کے ذریعہ ملزمین کے خلاف این ایس اے لگائے جانے کو غلط قدم بتایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’گئوکشی کے الزام پر این ایس اے نہیں لگایا جانا چاہیے۔ ملزمین کے خلاف گئو کشی معاملہ پر بنے قانون کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے تھی، این ایس اے لگائے جانے کو درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔‘‘ دگوجے سنگھ نے مزید کہا تھا کہ ’’ضلع انتظامیہ نظم و نسق کو قابو میں کرنے کے لیے این ایس اے کے تحت کارروائی کر سکتی ہے۔ کچھ معاملوں میں پولس یہ فیصلہ کرتی ہے کہ کس سیکشن اور قانون کے تحت کارروائی کی جانی ہے۔ لیکن اس گئوکشی کے معاملہ میں مجھے لگتا ہے کہ ملزمین پر این ایس اے لگایا جانا مناسب نہیں ہے۔‘‘

بھوپال سے کانگریس کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے بھی ملزمین پر این ایس اے لگائے جانے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرفتار کوئی بھی شخص گئوکشی کے معاملے میں ملوث نہیں ہے اور یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کانگریس اقلیتی سیل نے اس تعلق سے اپنا احتجاج نئی دہلی میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں درج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔