زرعی قوانین کے خلاف مدھیہ پردیش کانگریس کی یلغار، 15 جنوری کو 2 گھنٹہ تک چکّہ جام کا اعلان

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے مرکز کے تینوں زرعی قوانین کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان قوانین سے زراعت کے ساتھ زرعی مصنوعات کے بازاروں پر کارپوریٹ کا قبضہ ہو جائے گا۔

تصویر @INCMP
تصویر @INCMP
user

آصف سلیمان

مدھیہ پردیش میں کانگریس نے 15 جنوری کو زرعی قوانین کے خلاف دو گھنٹے تک ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے کہا ہے کہ اس دن 2 منٹ کا ’ہارن-شنکھ ناد‘ ہوگا اور دو گھنٹے تک چکہ جام رکھا جائے گا۔ اس کے بعد 23 جنوری کو راج بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے جمعرات کو پارٹی ریاستی دفتر میں نامہ نگاروں سے اس پورے منصوبہ پر کھل کر گفتگو کی اور زرعی قوانین کے تعلق سے اپنی رائے کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے مرکزی حکومت کے تینوں زرعی قوانین کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان قوانین سے زرعی مصنوعات کے بازاروں پر کارپوریٹ گھرانوں کا قبضہ ہو جائے گا اور چھوٹے کاروباریوں کی تجارت اور تجارتی مقابلہ آرائی ختم ہو جائے گی۔ نتیجہ کار بڑے تاجر منمانی کریں گے۔


کمل ناتھ نے ایم ایس پی کو قانونی شکل دینے کے ساتھ تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی کہا کہ کانگریس کے ذریعہ 7 سے 15 جنوری تک ایک دن کا دھرنا، مظاہرہ اور میٹنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ 15 جنوری کو دوپہر 12 بجے سے دو گھنٹوں تک کسانوں کے ذریعہ چکہ جام کیا جائے گا۔ اس چکہ جام کی شروعات اور آخر میں دو منٹ کا ’ہارن-شنکھ ناد‘ ہوگا۔ علاوہ ازیں 20 جنوری کو مرینا میں کسان مہاپنچایت ہوگی اور 23 جنوری کو راج بھون کا گھیراؤ ہوگا۔

میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کمل ناتھ نے آر ایس ایس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور اس کی سیاسی شاخ جن سنگھ یا بی جے پی ہمیشہ ہی کارپوریٹ معاشی نظام کی حامی رہی ہے، جب کہ کانگریس کے علاوہ کمیونسٹ پارٹیاں اور سماجوادی پارٹی ہمیشہ سماجوادی معاشی نظام کی حامی رہی ہیں۔ انھوں نے مثال دے کر بتایا کہ آر ایس ایس اور جن سنگھ نے تو بڑے عوامی اداروں اور بڑے پشتوں کی بھی مخالفت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jan 2021, 11:10 PM