ایم پی انتخابات: بی جے پی اور چناؤ دونوں خیریت سے نمٹ گئے، کمل ناتھ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Nov 2018, 8:34 PM
ایم پی اسمبلی انتخاب: بی جے پی اور چناؤ امن کے ساتھ نمٹ گئے، کمل ناتھ کا بیان

مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات اختتام پزیر ہو گئے ہیں۔ الیکشن پر اپنے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا ’’آج کے چناؤ کی خاصیت یہ رہی کہ دو چیزیں امن کے ساتھ نمٹ گئی، ایک تو چناؤ دوسری بی جے پی۔‘‘

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں ریکارڈ 75 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کانگریس خیمہ میں خوشی کی لہر ہے۔ کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کے خلاف ہوا ہے اس لئے ریکارڈ پولنگ درج کیا گیا ہے۔

28 Nov 2018, 6:29 PM
مدھیہ پردیش میں 6 بجے تک 74.61 فیصد پولنگ درج

مدھیہ پردیش اسمبلی الیکشن کے لئے شام 6 بجے تک 74.61 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطاروں میں لگے لوگ کے لئے پولنگ ابھی جاری ہے، لہذا ووٹنگ کے فیصد میں کچھ اضافہ ہو سکتا ہے۔

میزورم میں 5 بجے تک 75 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے۔

28 Nov 2018, 5:09 PM
مدھیہ پردیش: تحصیلدار نے ووٹ ڈالنے کے لیے بنایا دباؤ تو لوگوں نے بنا لیا یرغمال

مدھیہ پردیش کے ستنا-چترکوٹ اسمبلی کے رئیا-بالہا گاؤں میں ووٹنگ کے لیے دباؤ بنا رہے تحصیلدار کو دیہی عوام نے یرغمال بنا لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گاؤں کا سڑک نہیں بننے سے ناراض گاؤں کے لوگوں نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ خبروں کے مطابق گاؤں میں پہنچے تحصیلدار انتظامیہ کا خوف دکھا کر دیہی عوام پر ووٹنگ کے لیے دباؤ بنا رہے تھے۔ اسی دوران گاؤں والے ناراض ہو گئے اور تحصیلدار کو یرغمال بنا لیا۔


28 Nov 2018, 4:10 PM
3 بجے تک میزورم میں 58 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 50 فیصد ووٹنگ

میزورم میں 3 بجے تک 58 فیصد لوگوں نے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے اور یہاں 4 بجے تک ووٹنگ ہونی ہے۔ میزورم میں کسی بھی جگہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ نوجوان اور بزرگ، مرد و خواتین بڑھ چڑھ کر جمہوریت کے اس تہوار میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہاں 40 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے جس کا نتیجہ 11 دسمبر کو آئے گا۔

مدھیہ پردیش میں 3 بجے تک تقریباً 50 فیصد ووٹنگ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس ریاست میں کئی جگہوں سے وی وی پیٹ اور ای وی ایم میں خراب ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کچھ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 1500 سے زائد وی وی پیٹ مشینیں خراب نکلیں ہیں جنھیں تبدیل کیا گیا ہے۔ اس درمیان 383 کنٹرول یونٹ اور 363 بیلٹ یونٹ بدلے جانے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ کچھ مقامات پر پولنگ بوتھ پر قبضہ کرنے اور ای وی ایم کے ساتھ توڑ پھوڑ کی خبریں بھی لگاتار موصول ہو رہی ہیں۔

28 Nov 2018, 3:09 PM
میزورم: 106 سالہ ضعیفہ نے حق رائے دہی کا کیا استعمال

میزوروم اسمبلی انتخابات میں سبھی 40 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے اور نوجوان و ضعیف سبھی بڑھ چڑھ کر جمہوریت کے اس تہوار میں حصہ لے رہے ہیں۔ کورتھا میں تو ایک 106 سالہ ضعیف خاتون کے ذریعہ حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی خبریں آئی ہیں جو وہیل چیئر پر بیٹھ کر پولنگ بوتھ تک پہنچی تھیں۔ ان کی تصویر چیف الیکٹورل افسر کے ذریعہ جاری کی گئی ہے۔


28 Nov 2018, 2:09 PM
مدھیہ پردیش: بھنڈ میں ووٹنگ مرکز پر پھر ہنگامہ شروع، پولنگ ایجنٹ زخمی

مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں ایک ووٹنگ مرکز پر پھر ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق ای وی ایم کو لے کر دو فریق میں تصادم ہو گیا جس میں پولنگ ایجنٹ زخمی ہو گیا۔

اس درمیان چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے کانگریس کے ذریعہ ای وی ایم میں خراب کے سبب کچھ مقامات پر ووٹنگ کی مدت بڑھانے کی گزارش پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فیصلہ افسران کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں جن ووٹنگ مراکز پر ای وی ایم میں خرابی کی شکایت آئی ہے ان پر موجود افسران مدت بڑھانے سے متعلق فیصلہ لیں گے۔

28 Nov 2018, 1:09 PM
مدھیہ پردیش: دو پولنگ مراکز پر شورش پسندوں کا قبضہ، ای وی ایم کے ساتھ توڑ پھوڑ

مدھیہ پردیش کے لہار میں 2 ووٹنگ مراکز پر شورش پسندوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ نیوز 18 کی خبروں کے مطابق شورش پسندوں نے ای وی ایم میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور تحصیلدار کی گاڑی کے ساتھ بھی توڑ پھوڑ ہوئی ہے۔ دوسری طرف بھنڈ سے ووٹنگ بوتھ پر قبضہ کی کوشش کے ساتھ ہی ای وی ایم کو توڑے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔


28 Nov 2018, 12:09 PM
مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ

مدھیہ پردیش کے بھنڈ اسمبلی سیٹ کے ماتحت ایک پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولنگ بوتھ نمبر 122-120 کے باہر شورش پسندوں نے فائرنگ کی جس کے بعد ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

28 Nov 2018, 11:46 AM
میزورم: 11 بجے تک 29 فیصد لوگوں نے کیا ووٹ، ووٹنگ مراکز پر لوگوں کی لمبی قطاریں

میزورم میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹنگ مراکز پر لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ صبح 7 بجے سے ہی لوگوں کی لمبی قطار دیکھنے کو ملی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ شروع کے دو گھنٹے میں ہی 15 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق 11 بجے تک ووٹنگ فیصد 29 تک پہنچ گئی ہے۔


28 Nov 2018, 11:17 AM
11 دسمبر کو انتخابی نتیجہ کانگریس کے حق میں آئے گا: جیوترادتیہ سندھیا

مدھیہ پردیش میں کانگریس کے یوتھ لیڈر جیوترادتیہ سندھیا نے گوالیر میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کی جیت کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ’’مجھے مکمل یقین ہے کہ 11 دسمبر کو کانگریس عوام کی دعاؤں کے ساتھ حکومت بنائے گی۔‘‘

28 Nov 2018, 11:09 AM
مدھیہ پردیش: انتخابی ڈیوٹی پر تعینات تین افسران کی دورۂ قلب سے موت

مدھیہ پردیش میں ووٹنگ کے دوران ڈیوٹی پر تعینات 3 افسروں کی دورۂ قلب کی وجہ سے موت ہو گئی۔ ان میں سے ایک افسر گُنا میں اور دو افسران اندور میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔


28 Nov 2018, 10:09 AM
مدھیہ پردیش: بھوپال میں بی جے پی پولنگ ایجنٹ کے پاس سے ملی تشہیری اشیاء

مدھیہ پردیش کے بھوپال میں بی جے پی پولنگ ایجنٹ کو تشہیری اشیاء کے ساتھ پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ میری پولنگ بوتھ پر موجود بی جے پی ایجنٹ کو قابل اعتراض اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔

28 Nov 2018, 9:23 AM
مدھیہ پردیش: کانگریس لیڈر کمل ناتھ اور وزیر اعلیٰ شیوراج نے حق رائے دہی کا کیا استعمال

کانگریس لیڈر کمل ناتھ اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اپنی اپنی حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے۔ کمل ناتھ چھندواڑا اسمبلی سیٹ سے کھڑے ہیں اور یہاں انھوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد خوشی ظاہر کرتے ہوئے انگلی پر ڈالے گئے ووٹ کا نشان دکھایا۔

وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بُدھنی اسمبلی سیٹ کے لیے ووٹ دیا جہاں سے وہ انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ووٹ ڈالنے کے بعد انھوں نے بھی انگلی پر ووٹ ڈالنے کا نشان دکھایا۔ بعد ازاں انھوں نے اپنی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’سب سے پہلے ووٹ، پھر دوسرے کام۔ ہم نے اپنے آبائی گاؤں جیت میں سبح ہی حق رائے دہی کا استعمال کر لیا۔ آپ لوگ بھی اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور پڑوسیوں کے ساتھ نکلیں اور ووٹ کریں۔ دوسروں کو ووٹ ڈالنے کے لیے بھی ترغیب دیں۔‘‘


28 Nov 2018, 8:39 AM
مدھیہ پردیش اور میزورم کی سبھی اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع

مدھیہ پردیش اور میزورم اسمبلی کے لیے 28 نومبر کی صبح ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں 230 اور میزورم میں 40 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش کی 3 نکسل متاثرہ سیٹوں پر صبح 7 بجے سے ہی ووٹنگ شروع ہو گئی جب کہ باقی سبھی سیٹوں پر 8 بجے سے ووٹنگ شروع ہوئی۔ نکسل متاثرہ سیٹوں پر دوپہر 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی جب کہ 227 سیٹوں پر شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ دوسری طرف میزورم کی سبھی 40 سیٹوں پر ووٹنگ صبح 7 بجے سے ہی شروع ہو گئی۔ یہاں شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بُدھنی اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں اور انھوں نے جاری ووٹنگ کے درمیان اپنی بیگم کے ساتھ نرمدا ندی کے کنارے پوجا کی۔ چونکہ مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ چوہان کے تئیں عوام کی ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے اس لیے وہ خوف میں ہیں۔ انھوں نے انتخابی تشہیر کے دوران ہر ممکن کوشش کی ہے کہ عوام کا دل جیتا جا سکے لیکن جب ان کی بیگم اور بیٹے بُدھنی میں عوام سے ملنے گئے تو لوگوں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور واپس بیرنگ لوٹا دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔