گوا آتشزدگی کے مرکزی ملزم لوتھرا برادران کو تھائی لینڈ سے ہندوستان لانے کی کارروائی تیز
گوا آتشزدگی کیس کے اہم ملزم لوتھرا برادران کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ تھائی لینڈ میں حراست میں لیے گئے گورو اور سوربھ لوتھرا کو ہندوستان لانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

لوتھرا برادران، جو انتہائی متنازعہ گوا کے نائٹ کلب میں آتشزدگی کیس میں مفرور تھے، اب قانون کے شکنجے میں ہیں۔ گوا کے برچ بائی رومیو لین نائٹ کلب میں چھہ دسمبر کو آگ لگانے کے مرکزی ملزم گورو اور سوربھ لوتھرا کو تھائی لینڈ میں حراست میں لیا گیا ہے۔ دونوں بھائیوں کو ہندوستان لانے کا عمل اب تیز کیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی ایجنسیوں کی درخواست پر تھائی حکام نے لوتھرا برادران کے خلاف کارروائی کی ہے۔ فوکٹ سے بنکاک لانے کے بعد انہیں امیگریشن ڈویژن سینٹر میں رکھا جا رہا ہے۔ بنکاک میں ہندوستانی سفارت خانے کے اہلکار مقامی قوانین کے تحت حوالگی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تھائی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ گورو اور سوربھ لوتھرا ’’برچ از رومیو لین‘‘ نائٹ کلب کے شریک مالک ہیں۔ اس کلب میں لگنے والی آگ نے 25 افراد کی جان لے لی تھی ۔ سانحہ کے بعد دونوں بھائی بیرون ملک فرار ہو گئے اور تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ میں چھپ گئے۔ تاہم ہندوستانی ایجنسیوں کی چوکسی کی وجہ سے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
تفتیش میں شامل اہلکاروں کے مطابق دونوں بھائیوں کو پکڑنے کے لیے ایک ٹھوس حکمت عملی تیار کی گئی۔ پہلا قدم ان کے پاسپورٹ منسوخ کرنا تھا۔ اس کے بعد تھائی لینڈ کے ساتھ سفارتی رابطہ قائم کیا گیا، اور ان کی معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔ مسلسل ٹریکنگ کے بعد بالآخر تھائی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
دونوں بھائی اس وقت بنکاک میں ہیں۔ ان کے پاسپورٹ پہلے ہی منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ انہیں ہندوستان لانے کے لیے ان کے نام پر ہنگامی سفری سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔ یہ سرٹیفکیٹ ہندوستانی سفارتخانے کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے، اسی لیے انہیں بنکاک میں رکھا جا رہا ہے۔ تھائی لینڈ میں قانونی طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد انہیں ہندوستان لایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔