دی گوٹ ٹور: حیدر آباد پر خوب چھایا میسی کا خمار، اسٹار فٹبالر نے عظیم الشان تقریب میں راہل گاندھی کو پیش کیا خاص تحفہ

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں میسی نے اپنی 10 نمبر کی مشہور ارجنٹائنا ٹیم والی جرسی راہل گاندھی کو بطور تحفہ پیش کیا۔ میسی اور راہل نے کچھ دیر خوشگوار ماحول میں بات چیت بھی کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ارجنٹائنا کے عالمی چمپئن سپراسٹار فٹبالر لیونل میسی کا دورۂ ہند بھلے ہی ہنگامہ کے ساتھ شروع ہوا، لیکن آج پہلے دن کا خاتمہ بہت خوشگوار اور جوش سے بھرپور رہا۔ 13 دسمبر کی صبح ہندوستان پہنچے میسی کا پہلا ہی ایونٹ کولکاتا میں زبردست ہنگامہ اور تنازعہ کا شکار ہو گیا۔ کولکاتا میں میسی کی جھلک نہ مل پانے کے سبب اسٹیڈیم میں ناظرین نے توڑ پھوڑ کر دی تھی۔ اس واقعہ کے بعد سبھی کی نظریں حیدر آباد کی تقریب پر مرکوز ہو گئی تھیں۔ لیکن حیدر آباد میں سب کچھ منظم رہا اور خاص طور سے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی موجودگی نے ایک الگ سماں پیدا کیا۔ ایسا اس لیے کیونکہ ایک چھوٹے سے فٹبال میچ کے دوران وہ بھی میسی کے ساتھ کھیلتے ہوئے دکھائی دیے۔

قابل ذکر ہے کہ تقریباً 14 سالوں کے طویل انتظار کے بعد میسی ہندوستان آئے ہیں۔ ایسے میں انھیں دیکھنے کے لیے فٹبال شائقین کی بھیڑ جمع ہونا یقینی تھا، اور ایسا دیکھنے کو بھی ملا۔ کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم کی بدانتظامی سے سبق حاصل کر حیدر آباد واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انتظامات بہت سخت اور منظم کیے گئے تھے۔ یہاں میسی کے شیدائیوں نے ان کی جھلک بھی دیکھی اور میدان پر فٹبال کھیلے جانے کا مزہ بھی لیا۔ میسی نے اسٹیڈیم میں موجود سبھی لوگوں کا ہاتھ لہرا کا استقبال کیا اور کچھ فٹبال میسی نے اپنے پیروں سے شاٹ مار کر شیدائیوں کی طرف بھی اچھالا۔


حیدر آباد میں عظیم الشان تقریب کا حصہ بننے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی پہنچے تھے، جن کے ساتھ میسی کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں۔ راہل گاندھی نے میسی کے ساتھ ساتھ ان کے خاص دوستوں لوئس سواریز اور راڈریگو ڈی پال کے ساتھ بھی گفتگو کی۔ میسی نے مسکراتے ہوئے راہل گاندھی کے ساتھ کچھ دیر بات کی اور پھر اسٹیڈیم میں کچھ لوگوں کی موجودگی میں ہی انھوں نے راہل گاندھی کو ایک خاص تحفہ بھی پیش کیا۔ یہ تحفہ تھا 10 نمبر کی مشہور ارجنٹائنا فٹبال ٹیم والی جرسی، جو میسی پہنتے رہے ہیں۔ حیدر آباد میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تقریب بغیر کسی رخنہ چلی اور ایک طرح سے پورے حیدر آباد پر میسی کا خمار چھایا نظر آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔