لکھنؤ: پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ مارچ

خاتون کانگریس کی قومی صدر نیتا ڈیزوسا نے بتایا کہ خاتون مارچ لکھنؤ کے 1090 چوراہے سے شروع ہو کر سکندر آباد میں ویرانگنا اودا دیوی کے مجسمہ کے مقام پر ختم ہوگا۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات 2022 کے بعد بھی کانگریس ریاست میں فعال نظر آ رہی ہے۔ پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری اور یو پی انچارج پرینکا گاندھی آج لکھنؤ میں پیدل خاتون مارچ کی قیادت کر رہی ہیں۔ اس مارچ میں شامل ہونے والی کچھ خواتین کو اسکوٹی اور اسمارٹ فون بھی دیئے جائیں گے۔

یوپی کانگریس کے خاتون شعبہ نے قومی یونٹ کے ساتھ لکھنؤ میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی بااختیاری کا پیغام دیتے ہوئے ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ کے نام سے مارچ کا اہتمام کیا ہے۔ پرینکا گاندھی کی قیادت میں نکالے جانے والے اس مارچ میں کانگریس کی 159 خاتون امیدوار بھی شامل ہوں گی۔ مارچ میں شرکت کے لئے پورے ملک سے کانگریس کی منتخب عوامی نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔


خاتون کانگریس کی قومی صدر نیتا ڈیزوسا نے بتایا کہ خاتون مارچ لکھنؤ کے 1090 چوراہے سے شروع ہو کر سکندر آباد میں ویرانگنا اودا دیوی کے مجسمہ کے مقام پر ختم ہوگا۔ کانگریس کے اس مارچ میں سماجی خدمات، طب، تعلیم اور فلمی دنیا سے وابستہ خواتین بھی شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ خاتون مارچ اتحاد اور سیاست میں ہر ایک کی شمولیت کا پیغام دینے کے لئے نکالا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پرینکا گاندھی لکھنؤ میں اس مارچ کی قیادت کریں گی۔ ملک کی سب سے پرانی پارٹی نے اپنی مہم ’لڑکی ہوں لڑ سکتی ہوں‘ کے نام سے چلائی۔ کانگریس نے خواتین کو بااختیار بنانے کی اس مہم کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس انچارج شاہانہ صدیقی نے کہا کہ کچھ خواتین جو اس مارچ میں حصہ لیں گی انہیں اسکوٹی اور اسمارٹ فون دیئے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔