لکھنؤ آتشزدگی: عینی شاہدین کی دردناک داستان، بایومیٹرک نظام ناکام، کئی طلبہ نے تار کے سہارے بچائی جان
لکھنؤ میں پیش آئے المناک آتشزدگی حادثے سے محفوظ نکلنے والے طالب علم نے بتایا کہ بایومیٹرک نظام ناکام ہونے سے دروازہ نہ کھل سکا اور وہ جان بچانے کے لیے دیگر افراد کے ساتھ بجلی کے تار کے سہارے نیچے اترے

لکھنؤ کے علی گنج علاقے میں ایک تجارتی عمارت میں پیش آئے ہولناک آتشزدگی حادثے میں 15 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ اس حادثے میں محفوظ رہنے والے محمد آصف نے اپنی دردناک روداد سناتے ہوئے بتایا کہ دوسری منزل پر قائم اسٹوڈیو کا داخلی دروازہ بایومیٹرک نظام کے باعث بند ہو گیا تھا اور بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے اسے کھولنا ممکن نہیں رہا۔
محمد آصف نے بتایا کہ دوپہر کے کھانے کے بعد وہ دوبارہ کام شروع کرنے کی تیاری کر رہے تھے کہ عملے کے بعض افراد نے آ کر اطلاع دی کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی ہے۔ اس کے بعد تمام لوگ عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کرنے لگے، لیکن بجلی نہ ہونے کے باعث بایومیٹرک نظام کام نہیں کر رہا تھا اور داخلی دروازہ بند ہو چکا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کسی طرح وہ دوسرے کمرے تک پہنچے اور ایک دروازے سے باہر نکلنے کی کوشش کی، لیکن اس وقت تک سیڑھیوں میں دھواں بھر چکا تھا۔ شدید دھوئیں کی وجہ سے وہ واپس کمرے میں آ گئے اور تولیوں سے چہرہ ڈھانپ کر بچنے کی تدبیریں کرنے لگے۔ کھڑکی کے قریب پہنچنے پر مزید دھواں اندر آ رہا تھا، اسی دوران انہیں ایک چھوٹی کھڑکی کے پاس سے گزرتا ہوا بجلی کا تار دکھائی دیا۔ آصف کے مطابق وہ اور چار پانچ دیگر افراد اسی تار کے سہارے نیچے اترنے میں کامیاب ہوئے۔
آصف نے بتایا کہ دم گھٹنے سے بچنے کی کوشش میں بعض لوگوں نے واش روم میں خود کو بند کر لیا تھا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے ایک ساتھی جینت گپتا نے شیشے کی کھڑکی توڑ کر چھلانگ لگانے کی کوشش کی، تاہم وہ لوہے کی ریلنگ پر جا گرے، جس سے ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ وہ تقریباً آدھے گھنٹے تک سڑک پر پڑے رہے، جس کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فائر بریگیڈ ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد موقع پر پہنچی۔ ان کے مطابق آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ تقریباً سو میٹر دور سے بھی جسم پر اس کی تپش محسوس ہو رہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فائر الارم کام نہیں کر رہا تھا اور اندر موجود لوگوں کو آگ کی سنگینی کا اندازہ اس وقت تک نہیں ہو سکا، کیونکہ ہر طرف صرف دھواں ہی دھواں تھا۔
حادثے کی عینی شاہد مالا نگم نے بتایا کہ نچلی منزل پر قائم پالتو جانوروں کی دکان سے لوگوں نے جلدی جلدی پنجروں کو باہر نکال کر جانوروں کو بچانے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق چند بچے اوپر سے کودنے کے باعث زخمی ہوئے، لیکن بعد میں آگ اس قدر شدید ہو گئی کہ کسی کے لیے عمارت کے اندر جانا ممکن نہ رہا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چھت تک رسائی ممکن ہوتی تو شاید مزید بچوں کو بچایا جا سکتا تھا، لیکن چھت کا دروازہ شٹر سے بند تھا اور کئی بچے اندر ہی پھنس گئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
