لکھنؤ: تیل قیمتوں کے خلاف یوپی کانگریس سراپا احتجاج، حراست میں لئے گئے للو و دیگر کارکنان

ڈیزل اور پٹرول کے آسمان چھو رہے داموں کے خلاف اتر پردیش کانگریس نے زبردست احتجاج کیا، اسمبلی کی طرف جاتے وقت پولیس نے کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار عرف للو و دیگر کو حراست میں لے لیا

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کانگریس نے جمعرات کے روز ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی بڑھی قیمتوں پر بی جے پی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ لکھنؤ جی پی او کے نزیک مظاہرہ کر رہے کانگریس کے کئی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔ حراست میں لینے کے بعد ریاستی صدر اجے کمار عرف للو سمیت دیگر سینئر کانگریس کے رہنماؤں کو پولیس لائن بھیج دیا گیا۔ تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا۔

یو پی کانگریس کے رہنما اور کارکنان نے جی پی او پر مظاہرہ شروع کیا اور دھیرے دھیرے یہ لوگ اسمبلی کی طرف گامزن ہوئے۔ پولیس نے یہیں سے انہیں بسوں میں بھر لیا اور پولیس لائن لے کر چلی گئی۔ دریں اثنا، مظاہرین نے ڈیزل اور پٹرول کے داموں میں اضافہ کے حوالہ سے بی جے پی حکومت پر حملہ بولا اور اسے جیب کاٹنے کی پالیسی قرار دیا۔

جاری کردہ بیان کے مطابق اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کے عوام کی خون پسینہ کی کمائی پر ڈاکا ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت منافع خون ہے اور کھلے عام ڈکیتی ڈالنے کا کام کر رہی ہے۔اجے کمار للو نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت میں پٹرول پر مصنوعات ٹیکس 9.20 روپے اور ڈیزل پر 3.40 روپے عائد ہوتا تھا لیکن عوام مخالف بی جے پی حکومت نے ٹیکس کو پٹرول پر 23.28 روپے اور ڈیلز پر 28.37 روپے تک بڑھا دیا ہے، یعنی ڈیزل پر یہ ٹیکس نو گنا تک بڑھایا جا چکا ہے۔


للو نے کہا کہ کورونا وبا کے دور میں کسان بحران سے دو چار ہیں اور ان کے پاس پھوٹی کوڑی بھی نہیں بیچ ہے، ایسے وقت میں غریب کسان مخالف حکومت منافع خوری کے سبب دام بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس عوام مخالف حکومت کے خلاف سڑک سے ایوان تک لڑائی لڑیں گے۔

حراست میں لئے گئے کانگریس صدر کو شام کے وقت ایکو گارڈن سے مع کارکنان رہا کر دیا گیا۔

لکھنؤ: تیل قیمتوں کے خلاف یوپی کانگریس سراپا احتجاج، حراست میں لئے گئے للو و دیگر کارکنان

ادھر، کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے بھی ٹوئٹ کر کے بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ پرینکا گاندھی نے کہا ’’آج 19ویں دن لگاتار بی جے پی حکومت نے ڈیزل-پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے یہ بات صاف کر دی ہے کہ بی جے پی کو اس بحران کے وقت بھی عوام کی جیب کاٹنے میں زیادہ دلچسپی ہے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش میں کانگریس پارٹی نے پُر زور طریقہ سے احتجاج کیا اور اب عوام اس لوٹ کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jun 2020, 6:40 PM