راجستھان کے لیے کانگریس کے 19 امیدواروں کا اعلان، رفیق منڈیلیا کو ملی چورو سیٹ
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے 19 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی، 10 سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق میئر اور 6 نئے چہروں کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے، چورو سے رفیق منڈیلیا امیدوار ہوں گے۔

جے پور: راجستھان میں کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے 19 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرکے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھوگہلوت سمیت 10 سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق میئر اور چھ نئے چہروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
جمعرات کی دیر رات جاری ریاست کی کانگریس کی پہلی فہرست میں ویبھوگہلوت کو جودھپور سے انتخابی میدان میں اتارا گيا ہے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیخاوت کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح کانگریس نے سابق ممبر پارلیمنٹ نمو نارائن مینا کو ٹونک سوائے مادھوپور سے امیدوار بنایا ہے۔
کانگریس نے جن لوگوں کو امیدوارو بنایا ہے ان میں رفیق منڈیلیا بھی شامل ہیں جنہیں چورو سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ رفیق منڈیلیا گزشتہ انتخابات میں بے حد نزدیکی فرق سے ہار گئے تھے۔ رفیق کے والد مقبول منڈیلیا رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔
کانگریس نے ناگور سے جیوتی مردھا کو دوبارہ ٹکٹ دے کر ان کے ٹکٹ کٹنے کی قیاس آرائی پر روک لگا دی ہے۔ الور سے سابق مرکزی وزیر بنور جتیندر سنگھ کو اور بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں آئے سابق مرکزی وزیر سبھاش مہريا کو سیکر سے ٹکٹ دیا گيا ہے۔
اسی طرح گذشتہ اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوکر سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے کے خلاف جھالرا پاٹن سے الیکشن لڑنے والے مانویندر سنگھ کو باڑ میر-جیسلمیر پارلیمانی حلقہ سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ مانویندر سنگھ سابق مرکزی وزیر جسونت سنگھ کے بیٹے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Mar 2019, 5:09 PM