پی ایم مودی چوکیدار ضرور ہیں لیکن غریبوں کے نہیں، انل امبانی کے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے بہار میں کہا کہ پی ایم مودی انل امبانی، میہل چوکسی، نیرو مودی کو ’بھائیوں‘ کہتے ہیں اور آپ کو ’متروں‘ کہہ کر بے وقوف بناتے ہیں۔ وہ متروں کا پیسہ لے کر اسے بھائیوں کو دے دیتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے پورنیہ میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک ریلی سے خطاب کے دوران پی ایم نریندر مودی کو نئے انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی پہلے کہتے تھے کہ مجھے پی ایم بناؤ، جو بھی چاہتے ہو مل جائے گا۔ اب کہتے ہیں کہ ہم سب چوکیدار۔ سچ تو یہ ہے کہ پی ایم مودی چوکیدار ہیں، لیکن غریبوں کے نہیں بلکہ انل امبانی کے چوکیدار ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے ریلی میں موجود بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ پی ایم مودی آپ لوگوں کو ’متروں‘ کہہ کر بے وقوف بناتے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ پی ایم انل امبانی، میہل چوکسی اور نیرو مودی کو ’بھائیوں‘ کہتے ہیں۔ پھر متروں کا پیسہ لے کر وہ بھائیوں کو دے دیتے ہیں۔

پی ایم مودی کے ذریعہ ’چوکیدار‘ بننے کو لے کر طنز کستے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وجے مالیا لندن بھاگ گیا اور چور بھاگنے سے پہلے ارون جیٹلی سے مل کر گیا۔ کل اخبار میں لکھا ہے کہ یدی یورپا جی نے ارون جیٹلی کو 150 کروڑ روپے دیئے، اڈوانی جی کو دیئے، نتن گڈکری جی کو دیئے۔ ہاں بھائی، یہ سب چوکیدار ہیں، چور ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بہار کا یوتھ ہر ریاست میں جا کر روزگار ڈھونڈتا ہے۔ جب نریندر مودی نے آپ کو جھوٹ بولا کہ آپ کو دو کروڑ روزگار دوں گا تو انھوں نے صرف آپ کو ہی نہیں بہار کی روح کو دھوکہ دیا۔ آپ نے جو پیسہ اپنے بچوں کے لیے رکھا تھا، تعلیم کے لیے رکھا تھا، بیماری میں علاج کے لیے رکھا تھا وہ پیسہ نریندر مودی نے نکال کر چھینا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی آج مغربی بنگال میں بھی ریلی کرنے والے ہیں۔ مغربی بنگال کانگریس صدر سومین مترا کا کہنا ہے کہ ہم نے ان 11 سیٹوں پر تشہیری عمل شروع کر دیا ہے جہاں ہم نے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ مغربی بنگال میں انتخابی تشہیری مہم کی شروعات ہفتہ کو راہل گاندھی کریں گے۔ وہ پارٹی کارکنان کو اپنی جانب سے پیغام بھی دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔