پی ایم نریندر مودی سخت گیر دہشت گرد: چندرا بابو نائیڈو

گزشتہ دنوں ایک ریلی میں پی ایم مودی نے ٹی ڈی پی صدر کا موازنہ ’باہوبلی‘ فلم کے ویلن بھلّال دیو سے کی تھی، اور اب جوابی حملہ کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے پی ایم مودی کو سخت گیر دہشت گرد بتایا ہے۔

چندرا بابو نائیڈو اور مودی کی فائل تصویر
چندرا بابو نائیڈو اور مودی کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی کے صدر چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زوردار حملہ بولا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے پی ایم مودی کو سخت گیر دہشت گرد قرار دیا ہے۔ قابل غور ہے کہ ایک ریلی کے دوران پی ایم مودی نے ٹی ڈی پی صدر کا موازنہ ’باہوبلی‘ فلم کے ویلن بھلّال دیو سے کی تھی، اور چندرا بابو کا تازہ حملہ پی ایم کے اسی بیان کا جواب تصور کیا جا رہا ہے۔

چندرا بابو نائیڈو نے چتور میں ایک انتخابی جلسہ میں پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی اچھے آدمی نہیں ہیں۔ وہ ایک کٹر دہشت گرد ہیں۔‘‘ چندرا بابو نے لوگوں سے بی جے پی کو ووٹ نہیں دینے کی اپیل کی اور کہا کہ ’’میں یہاں موجود اقلیتی طبقہ کے بھائیوں سے ایک ہی درخواست کروں گا۔ اگر آپ مودی کو ووٹ دیں گے تب ڈھیر سارے مسائل کھڑے ہو جائیں گے۔ یہی مودی آپ لوگوں کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کے لیے تین طلاق ایکٹ لے کر آئے ہیں۔‘‘

ٹی ڈی پی چیف نے اپنی تقریر میں گجرات فساد کا بھی ذکر کیا۔ چندرا بابو نے کہا کہ 2002 گجرات فسادات کے دوران مودی سے سب سے پہلے انھوں نے ہی استعفیٰ مانگا تھا۔ اس کے بعد کئی ممالک میں ان کے سفر پر پابندی لگ گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ مودی پی ایم بننے کے بعد ایک بار پھر سے اقلیتوں پر حملہ کرنا چاہ رہے ہیں۔

قابل غور ہے کہ یکم اپریل کی اپنی انتخابی ریلی میں پی ایم مودی نے چندرا بابو نائیڈو کو ’یو ٹرن‘ بابو کہا تھا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے ٹی ڈی پی چیف پر ڈاٹا چوری کے بھی الزامات لگائے تھے۔ پی ایم مودی نے کہا تھا ’’مجھے بتایا گیا تھا کہ ٹی ڈی پی نے نیا کام شروع کیا ہے جو کہ سیوا متر ایپ کے ذریعہ سائبر کرائم سے جڑا ہے۔ اصل میں اس کی خدمت یا پھر متر سے کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ وہ تو لوگوں کا ڈاٹا چراتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔