لوک سبھا انتخاب: راہل گاندھی نے وائناڈ میں کیا عظیم الشان روڈ شو، امنڈ پڑا عوامی سیلاب

راہل گاندھی نے سلطان بٹھیری میں ایک کار کی کھلی چھت پر بیٹھ کر روڈ شو کیا، اس دوران سینکڑوں کارکنان ان کی تصویر والے بینر لیے ساتھ چلتے ہوئے نظر آئے۔

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ میں راہل گاندھی کا روڈ شو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

وائناڈ میں راہل گاندھی کا روڈ شو، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخاب کے لیے تشہیر کا عمل آگے بڑھاتے ہوئے آج کیرالہ کے وائناڈ واقع سلطان بٹھیری میں عظیم الشان روڈ شو کیا۔ راہل گاندھی پڑوسی ریاست تمل ناڈو میں نیل گری ضلع پہنچے اور وہاں آرٹس و سائنس کالج کے طلبا سے بات چیت بھی کی۔ پھر وہ وہاں سے سڑک راستہ سے کیرالہ میں سلطان بٹھیری پہنچے۔

راہل گاندھی نے سلطان بٹھیری میں ایک کار کی کھلی چھت پر بیٹھ کر روڈ شو کیا۔ اس دوران سینکڑوں کارکنان ان کی تصویر والے بینر لیے ساتھ چلتے نظر آئے۔ راہل گاندھی کا آج پلپلی میں کسانوں کی ایک ریلی سے بھی خطاب کرنے کا پروگرام ہے۔ پلپلی خاص طور سے ایک زرعی علاقہ ہے جہاں بڑی تعداد میں کسان رہتے ہیں۔


راہل گاندھی کے ذریعہ ماننت واڈی، ویلامنڈا اور پدنجارتارا میں بھی روڈ شو نکالنے اور وہاں پارٹی کارکنان کو خطاب کرنے کا امکان ہے۔ اس دوران راہل گاندھی کے ماننت واڈی بشپ کے ساتھ ایک میٹنگ کرنے کی امید ہے جو حال میں کچھ کلیساؤں کے ذریعہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ فلم دکھائے جانے کو لے کر بڑھ رہے تنازعہ کے مدنظر سیاسی طور سے اہم ہے۔ بعد میں شام کو وہ پڑوسی کوزیکوڈ ضلع میں کانگریس قیادت والی یو ڈی ایف کی ایک ریلی کو خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ وائناڈ سے دوبارہ اپنی قسمت آزما رہے راہل گاندھی لوک سبھا انتخاب کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد دوسری مرتبہ اس انتخابی حلقہ میں پہنچے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر کے اور بڑا روڈ شو کر کے اس مہینے کے شروع میں وائناڈ انتخابی حلقہ میں انتخابی مہم شروع کی تھی۔ انھوں نے 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں 431770 ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے وائناڈ میں جیت حاصل کی تھی۔ کیرالہ کی 20 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 26 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔