نیلگری میں پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے دوران بی جے پی-اے آئی اے ڈی ایم کے کارکنان میں تصادم، پولیس نے کیا لاٹھی چارج

تمل ناڈو کے نیلگری سے بی جے پی نے مرکزی وزیر ایل. مروگن کو اور اے آئی اے ڈی ایم کے نے ڈی. لوکیش تمل سیلون کو اپنا امیدوار بنایا ہے، انڈیا اتحاد کی طرف سے اے. راجہ اس سیٹ پر اتارے گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

تمل ناڈو کے نیلگری میں پیر کے روز لوک سبھا انتخاب کے لیے پرچۂ نامزدگی کے دوران ضلع کلکٹریٹ کے پاس بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کارکنان کے درمیان زبردست تصادم ہو گیا، جسے سنبھالنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ بی جے پی نے یہاں سے مرکزی وزیر ایل مروگن کو اتارا ہے۔ اس سیٹ سے ’انڈیا‘ اتحاد کے امیدوار ڈی ایم کے ڈپٹی جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر اے راجہ ہیں۔

بی جے پی امیدوار اور وزیر مملکت برائے ماہی پروری مروگن اور اے آئی اے ڈی ایم کے امیدوار ڈی. لوکیش تمل سیلون جب نامزدگی پرچہ داخل کرنے کے لیے اپنے اپنے حامیوں کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچے تو دونوں پارٹیوں کے کارکنان میں تصادم ہو گیا۔ دونوں امیدوار بڑی تعداد میں اپنے حامیوں کے ساتھ یہاں پہنچے تھے جو دیکھتے ہی دیکھتے دونوں طرف سے زبردست نعرے بازی شروع ہو گئی، اور پھر کچھ ہی دیر بعد تصادم والے حالات پیدا ہو گئے۔


اس تصادم میں دونوں فریقین کے کچھ کارکنان زخمی ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر تمل ناڈو بی جے پی صدر کے. اناملائی بھی ایل. مروگن کے ساتھ موجود تھے۔ بعد میں انّاملائی نے نیلگری اسپتال کا دورہ کیا جہاں زخمی بی جے پی کارکنان کا علاج چل رہا ہے۔ بہرحال، دونوں لیڈروں نے اپنا اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا ہے۔

انّاملائی نے اسپتال میں میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تب تک احتجاجی مظاہرہ کرے گی جب تک نیلگری کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو غیر ضروری طور پر لاٹھی چارج کا حکم دینے کے لیے ٹرانسفر نہیں کیا جاتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔