لوک سبھا انتخاب 2024: کانگریس کی نئی فہرست میں مہاراشٹر کی 2 سیٹوں کے لیے امیدوار کا اعلان

مہاراشٹر میں لوک سبھا کی 48 سیٹیں ہیں جن میں کانگریس کو 17 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے ہیں، اب تک 15 سیٹوں پر امیدوار کا اعلان کر دیا گیا ہے اور 2 سیٹوں پر اعلان ہونا ہنوز باقی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اپنے امیدواروں کی ایک نئی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں محض 2 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے اور دونوں ہی سیٹیں مہاراشٹر سے تعلق رکھتی ہیں۔ دھولے سیٹ سے کانگریس نے شوبھا دنیش کو امیدوار بنایا ہے اور جالنہ سیٹ سے کلیان کالے کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان دونوں کا مقابلہ بی جے پی امیدواروں (بالترتیب سبھاش بھامرے اور راؤ صاحب دانوے) سے ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں انڈیا اتحاد کی پارٹیوں نے سیٹوں کا جو بٹوارا کیا ہے اس کے مطابق کانگریس کے حصے میں 17 سیٹیں آئی ہیں۔ اب تک پارٹی نے 15 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، یعنی 2 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان ہونا ہنوز باقی ہے۔ جن دو سیٹوں کے لیے امیدوار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، وہ ممبئی شمال وسط اور ممبئی شمال ہیں۔


مہاراشٹر میں انڈیا اتحاد کی دیگر پارٹیوں شیوسینا (یو بی ٹی) کے حصے میں سب سے زیادہ 21 سیٹیں آئی ہیں، جبکہ این سی پی شردچندر پوار کو 10 سیٹیں ملی ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے اپنے سبھی 21 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ شرد پوار نے اپنے کوٹہ کی 9 سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں۔ یعنی شرد پوار کو مزید ایک سیٹ پر اپنے امیدوار کا نام ظاہر کرنا باقی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔