عام انتخابات 2019: تیسرے مرحلہ کے دوران بنگال میں 80 فیصد پولنگ ریکارڈ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

23 Apr 2019, 9:10 PM

بنگال میں 80 فیصد پولنگ

مغربی بنگال میں تیسرے مرحلے میں 80فیصد پولنگ ہوئی ہے۔تاہم پولنگ کے درمیان تشدد میں ایک کی موت ہوگئی ہے اور ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔تیسرے مرحلے میں پانچ سیٹوں مالدہ جنوب، مالدہ شمال، بالور گھاٹ، جنگی پور اور مرشدآباد میں کل 61امیدوار میدان میں تھے۔

مرشدآباد میں 81.41 فیصد، جنگی پور میں 78.58 بالور گھاٹ میں 82.29، مالدہ شمال 76.43اور مالدہ جنو ب میں 77.41 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ ابوالکلام نامی شحص جس سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ کانگریس ورکر ہے بالی گرام کے بوتھ نمبر 188پر تشدد کے دوران موت ہوگئی ہے۔اس کے بیٹے نے کہا کہ میں کیرالہ سے یہاں ووٹنگ کرنے کیلئے آیاہوں، والد کے ساتھ بوتھ پر کھڑا تھا کہ اچانک فائرنگ ہوگئی اور میرے والد کی موت ہوگئی۔

میں یہاں سے بھاگنے کی کوشش کررہا تھا،تاہم ایک گروپ کی جانب سے اچانک بم پھینک دیا۔جس کی زد میں میرے والد آگئے۔میں نے انہیں بچانے کی بھر پور کوشش کی۔میں اپنے والد کو اسپتال پہنچایا مگر اس درمیان اس کی موت ہوگئی تھی۔ بہرام پورلوک سبھا حلقے سے کانگریس کے امیدوار ادھیررنجن چودھری نے کہا کہ اس قتل کے پیچھے ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہے۔ ترنمول کانگریس کے امیدوار ابوطاہر خان نے کہاکہ مہلوک کا تعلق ترنمو ل کانگریس سے ہے۔پولس نے اس معاملے میں کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔

23 Apr 2019, 6:10 PM

تیسرے مرحلہ کے دوران 61.31 فیصد پولنگ درج

لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے کے لیے کل 61.31 فیصد پولنگ درج کیا گیا ہے۔ اس مرحلہ میں 13 ریاستوں و 2 مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں 117 لوک سبھا سیٹوں ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

23 Apr 2019, 4:00 PM

مغربی بنگال: مرشدآباد میں ٹی ایم سی اور کانگریس کے درمیان تصادم، کانگریس کارکن کی موت

تیسرے مرحلے کی ووٹنگ میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کارکنان کے درمیان مغربی بنگال انتخابی تشدد کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس تصادم میں ایک کانگر کارکن کی موت بھی ہو گئی۔ واقعہ میں سات دیگر لوگوں کے زخمی ہونے کی خبریں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جس کانگریس کارکن کی موت ہوئی ہے وہ ووٹنگ کے لیے لائن میں لگا ہوا تھا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق مغربی بنگال کے مرشد آباد واقع وارڈ نمبر 7 میں ووٹنگ کے دوران تشدد ہوا۔ کانگریس اور ترنمول کانگریس کارکنان کے درمیان کشیدگی اس قدر بڑھ گئی کہ کچھ لوگوں نے چاقو نکال لیا۔ اس چاقو کی زد میں کانگریس کارکن آ گیا۔ واقعہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس درمیان مرشدآباد میں پولنگ بوتھ پر دیسی بم پھینکے جانے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ اس پورے معاملے میں ضلع مجسٹریٹ نے جانچ کا حکم دے دیا ہے۔


23 Apr 2019, 3:13 PM

117 سیٹوں کے لیے ڈیڑھ بجے تک ہوئی تقریباً 38 فیصد ووٹنگ

تیسرے مرحلے کے لیے 117 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے اور ڈیڑھ بجے تک مجموعی طور پر تقریباً 38 فیصد ووٹنگ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ آسام میں ووٹوں کا فیصد 46.61، بہار میں 37.05، چھتیس گڑھ میں 42.97، دادر و ناگر حویلی میں 37.02، دمن دیو میں 42.99، گوا میں 45.72، گجرات میں 39.36، جموں و کشمیر میں 9.63، کرناٹک میں 36.74، کیرالہ میں 39.60، مہاراشٹر میں 31.99، اڈیشہ میں 32.82، تریپورہ میں 44.64، اتر پردیش میں 29.76، مغربی بنگال میں 52.37 رہا۔

23 Apr 2019, 2:07 PM

1 بجے تک اتر پردیش میں 35.49 فیصد اور بہار میں 33.78 فیصد ووٹنگ

لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے میں اتر پردیش میں ایک بجے تک 35.49 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ اتر پردیش میں تیسرے مرحلے میں 10 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے اور لوگ کثیر تعداد میں نکل کر پولنگ بوتھ تک پہنچ رہے ہیں۔ بہار میں بھی ووٹروں میں کافی جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس ریاست میں 1 بجے تک 33.78 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ بہار میں 5 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹرس حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس ریاست میں سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد ارریہ کا 39 رہا جب کہ کھگڑیا میں 1 بجے تک 36 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ بقیہ تین لوک سبھا سیٹوں یعنی جھنجھارپور، سپول اور مدھے پورہ میں ایک بجے تک بالترتیب 31.25 فیصد، 33 فیصد اور 30 فیصد ووٹنگ ہوئی۔


23 Apr 2019, 1:10 PM

اتر پردیش: بدایوں میں یوگی کے وزیر سوامی پرساد موریہ کے گھر ضلع مجسٹریٹ کی چھاپہ ماری

اتر پردیش حکومت میں وزیر سوامی پرساد موریہ کے گھر پر بدایوں کے ضلع مجسٹریٹ نے آج چھاپہ ماری کی۔ سماجوادی پارٹی کے امیدوار دھرمیندر یادو نے سوامی پرساد موریہ کے خلاف بدایوں میں رہ کر ووٹنگ کو اثرانداز کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس شکایت کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے موریہ کے گھر پر چھاپہ ماری کی۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

23 Apr 2019, 10:55 AM

مغربی بنگال: مرشدآباد میں ٹی ایم سی کارکنان پر پھینکا گیا دیسی بم، 3 زخمی

مغربی بنگال میں مرشدآباد کے ڈومکل میونسپلٹی میں تین ترنمول کانگریس کارکنان ایک تصادم کے درمیان زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مخالفین نے ٹی ایم سی کارکنان پر دیسی بم پھینکا جس میں 3 زخمی ہو گئے۔ انھیں علاج کے لیے قریب کے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ مرشد آباد میں مختلف پولنگ بوتھ کے قریب سیاسی پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان تصادم کی خبریں لگاتار مل رہی ہیں۔ تیسرے مرحلہ میں مغربی بنگال کی پانچ لوک سبھا سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے اور لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل رہے ہیں۔ لیکن کچھ مقامات پر تشدد کی خبروں سے لوگوں میں خوف کا ماحول بھی ہے۔


23 Apr 2019, 10:10 AM

بہار میں 9 بجے تک 12.6 فیصد اور اتر پردیش میں 10.24 فیصد ووٹنگ

لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے میں پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح ہی لوگ گھروں سے نکل کر اپنا حق رائے دہی کا استعمال کرنے کثیر تعداد میں پولنگ بوتھ پر پہنچ رہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق صبح 9 بجے تک سب سے زیادہ بہار میں ووٹنگ فیصد دیکھنے کو ملا جہاں 12.6 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ آسام میں ووٹنگ کا فیصد 12.36 ہے جب کہ اتر پردیش میں 9 بجے تک 10.24 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ مغربی بنگال میں بھی ووٹنگ کا فیصد بہتر دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں 9 بجے تک 10.97 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔

23 Apr 2019, 8:56 AM

مہاراشٹر: بارامتی میں سپریا سُلے نے فیملی کے ساتھ ڈالا ووٹ

پی ایم نریندر مودی اور کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ ہی کئی دیگر اہم سیاسی شخصیتوں نے بھی صبح سویرے ووٹنگ کے حق کا استعمال کیا۔ مہاراشٹر کے بارامتی میں سپریا سُلے نے اپنی فیملی کے ساتھ پولنگ بوتھ پر پہنچ کر اپنے حق رائے دہی ک ا استعمال کیا۔ بارامتی سے این سی پی صدر شرد پوار کی بیٹی سپریا سُلے تیسری بار انتخابی میدان میں ہیں اور ان کے خلاف بی جے پی نے کانچن کُل کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ بارامتی سیٹ سے شرد پوار سات بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور ایک بار اجیت پوار یہاں سے رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔

بہر حال، اس درمیان مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ گجرات، بہار، اتر پردیش اور کیرالہ سمیت سبھی 15 ریاستوں میں پولنگ بوتھ پر صبح سویرے سے ہی لمبی لائنیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ووٹروں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور ضعیف لوگوں کی تعداد بھی اچھی خاصی نظر آ رہی ہیں۔


23 Apr 2019, 8:05 AM

تیسرے مرحلے میں 117 لوک سبھا سیٹوں کے لیے پولنگ شروع

لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے کے لیے آج صبح 7 بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا۔ 15 ریاستوں کیئ کل 117 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے اور اس میں پورے جوش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ بہار کی 5، اتر پردیش کی 10، مغربی بنگال کی 5، مہاراشٹر کی 14، کرناٹک کی 14، گجرات کی سبھی 26، جموں و کشمیر کی 1، اڈیشہ کی 6، آسام کی 4، تمل ناڈو کی 1، چھتیس گڑھ کی 7، کیرالہ کی سبھی 20، گوا کی 2، تریپورہ کی 1، دادر حویلی اور دمن دیو کی 1 سیٹ پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ جن 117 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے وہاں مجموعی طور پر 1622 امیدوار میدان میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔