لوک سبھا الیکشن: انتخابی منشور کے لیے کانگریس نے عوام سے مانگا مشورہ، ویب سائٹ اور ای میل لانچ

کانگریس نے ویب سائٹ awaazbharatki.in اور ای میل آئی ڈی awaazbharatki@inc.in لانچ کر ہندوستانی عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ کانگریس کے انتخابی منشور کے لیے اپنا مشورہ بھیجیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں دن بہ دن تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے ایک دلچسپ پیش قدمی کی ہے۔ کانگریس پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنا انتخابی منشور عوام کے مشوروں کی بنیاد پر تیار کرے گی۔ کانگریس نے اس پیش قدمی کو ’آواز بھارت کی‘ نام دیا ہے۔ اس کے لیے بدھ کے روز کانگریس ہیڈکوارٹر میں ویب سائٹ awaazbharatki.in اور ای میل آئی ڈی awaazbharatki@inc.in لانچ کی گئی۔ کانگریس کے انتخابی منشور کے لیے ہندوستانی عوام اس ویب سائٹ اور ای میل کے ذریعہ اپنا مشورہ بھیج سکتی ہیں۔

کانگریس ہیڈکوارٹر میں جب انتخابی منشور کے لیے ویب سائٹ اور ای میل آئی ڈی کا اجراء ہوا تو اس وقت کانگریس ترجمان سپریا شرینیت، کانگریس انتخابی منشور کمیٹی کے چیئرمین و سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم اور کمیٹی کے کنوینر و چھتیس گڑھ کے سابق نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھ دیو موجود تھے۔ اس دوران پی چدمبرم نے کہا کہ لوک سبھا انتخاب کے لیے انتخابی منشور بنانے کے مقصد سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کی پہلے ہی دو بار میٹنگیں ہو چکی ہیں۔ کمیٹی نے اراکین کے درمیان کاموں کی تقسیم کر دی گئی ہے اور وہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اپنا کام کر بھی رہے ہیں۔ اب انتخابی منشور کے لیے عوام کا مشورہ بھی طلب کیا گیا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ کانگریس کا انتخابی منشور عوام کے لیے ہوگا اس لیے ہر ریاست سے عوام کے مشورے لیے جائیں گے۔


اس موقع پر ٹی ایس سنگھ دیو نے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ لوک سبھا انتخاب کے لیے انتخابی منشور بنانے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کمیٹی کے اراکین مختلف ریاستوں میں عوام اور پارٹی کارکنان سے بات چیت کر رہے ہیں۔ سبھی ریاستی کانگریس کمیٹی صدور بھی اپنی طرف سے بلاک، ضلع و ریاستی سطح پر مشوروں کو جمع کریں گے اور کمیٹی اراکین کے سامنے رکھیں گے۔ یہ انتخابی منشور ہندوستان کے عام شہریوں کے لیے بن رہا ہے۔ ہم عوام تک پہنچ کر ان سے مشورہ لیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ویب سائٹ اور ای میل کے ذریعہ سے بھی مشورے جمع کیے جائیں گے۔ 90 کروڑ سے زیادہ موبائل فون ملک میں شہریوں کے ہاتھوں میں ہیں، اس ذریعہ سے بھی ہم نے مشورے مانگے ہیں۔

سپریا شرینیت نے بھی ویب سائٹ اور ای میل آئی ڈی لانچنگ کے موقع پر اپنی بات سبھی کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’آواز بھارت کی‘ ایک ایسی پیش قدمی ہے جس کے ذریعہ لوگوں کے مشوروں کی بنیاد پر کانگریس کا انتخابی منشور تیار کیا جائے گا۔ کانگریس نے ہمیشہ عوام کی آواز سننے کا کام کیا ہے۔ کانگریس چاہتی ہے کہ عوام کے ایشوز انتخابی منشور میں ہوں اور عوام کے مشوروں سے ہی انتخابی منشور تیار ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔