لوک سبھا انتخابات LIVE: ’نیائے‘ منصوبہ کے ذریعہ غریبی پر ہونے والا ہے زبردست حملہ... پرینکا

پرینکا گاندھی واڈرا
پرینکا گاندھی واڈرا
user

قومی آوازبیورو

25 Mar 2019, 10:10 PM

'نیائے' منصوبہ کے ذریعہ غریبی پر کیا جائے گا زبردست حملہ: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پارٹی کے ’نیائے‘ منصوبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ ملک کی غریب پر زبردست چوٹ ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”غریبی پر سب سے بڑا حملہ ہونے جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کم از کم آمدنی منصوبہ یعنی نیائے لے کر آئی ہے۔“ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ”ملک کے سب سے غریب 20 فیصد خاندانوں کو غریبی سے باہر نکالنے کے لیے ہم ہر سال 72 ہزار روپے دینے جا رہے ہیں۔ سب کو نیائے سب کو عزت۔“

25 Mar 2019, 7:03 PM

بنگلورو شمال سیٹ سے کانگریس اتارے گی اپنا امیدوار

کرناٹک میں جنتا دل سیکولر نے بنگلورو شمال سیٹ پر اپنا امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سیٹ پر اس کی اتحادی کانگریس انتخاب میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ جنتا دل سیکولر کے ترجمان رمیش بابو نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ ’’ہمارے پارٹی سربراہ ایچ ڈی دیوگوڑا نے کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کو مطلع کر دیا ہے کہ ہماری پارٹی بنگلورو شمال سیٹ سے انتخاب نہیں لڑے گی۔ کانگریس اب یہاں سے اپنا امیدوار اتارنے کے لیے آزاد ہے۔‘‘

25 Mar 2019, 6:09 PM

فلم ’پی ایم نریندر مودی‘ کی ریلیز کو لے کر کانگریس انتخابی کمیشن پہنچی

فلم پی ایم نریندر مودی کی ریلیز آئندہ 5 اپریل کو ہونے والی ہے اور اس بات سے کانگریس ناراض ہے کہ اس کی ریلیز تاریخ پیچھے کھسکا کر لوک سبھا انتخاب کے پہلے مرحلے سے بھی پہلے کر دیا گیا ہے۔ اسی معاملے پر آج کانگریس کے ایک وفد نے انتخابی کمیشن سے ملاقات کی۔ اس وفد میں کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا، کپل سبل اور ابھشیک منو سنگھوی موجود تھے۔ کچھ لوگ 5 اپریل کو فلم پی ایم نریندر مودی کی ریلیز کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔


25 Mar 2019, 5:05 PM

سکھ رام اپنے پوتے آشرے شرما کے ساتھ کانگریس میں شامل

سابق مرکزی وزیر سکھ رام نے آج اپنے پوتے آشرے شرما کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ آج صبح ان کی ملاقات کانگریس صدر راہل گاندھی سے ہوئی تھی جس کے بعد انھوں نے پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ لیا۔ قابل ذکر ہے کہ سکھ رام پہلے بھی کانگریس میں تھے لیکن پھر انھوں نے استعفیٰ دے کر الگ راہ اختیار کر لی تھی۔ اب ایک بار پھر کانگریس میں شامل ہونے کے بعد وہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے نظر آئے۔ خبریں یہ بھی گشت کر رہی ہیں کہ آشرے شرما ہماچل پردیش کے منڈی پارلیمانی حلقہ سے کانگریس امیدوار کی شکل میں انتخاب بھی لڑ سکتے ہیں۔

25 Mar 2019, 4:09 PM

تمل ناڈو: کانگریس لیڈر کارتی چدمبرم نے شیوگنگا پارلیمانی حلقہ سے بھرا پرچۂ نامزدگی

پی چدمبرم کے بیٹے اور کانگریس لیڈر کارتی چدمبرم نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تمل ناڈو کے شیوگنگا پارلیمانی حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت ان کے ساتھ کانگریس کے کئی سینئر لیڈران اور ان کے حامی بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ کارتی چدمبرم کانگریس کے لیے دوسری بار انتخاب میں کھڑے ہوئے ہیں۔


25 Mar 2019, 2:04 PM

کانگریس نے امروہہ سیٹ پر راشد علوی کی جگہ سچن چودھری کو بنایا امیدوار

کانگریس نے اتر پردیش کے امروہہ سے راشد علوی کی جگہ سچن چودھری کو امیدوار بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سیٹ سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر راشد علوی کو امیدوار بنایا گیا تھا لیکن انھوں نے اپنی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے انتخاب لڑنے سے معذرت ظاہر کی تھی۔ راشد علوی نے اپنی خواہش کا اظہار کانگریس اعلیٰ کمان کو بھی بھیج دی تھی جس کے بعد سنٹرل الیکشن کمیٹی نے سچن چودھری کو لوک سبھا ٹکٹ دیے جانے کا اعلان کر دیا۔ قابل ذکر ہے کہ امروہہ سیٹ سے بی ایس پی نے دانش علی کو میدان میں اتارا ہے جب کہ بی جے پی کی طرف سے کنور سنگھ تنور کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

25 Mar 2019, 1:09 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی میں لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال

نئی دہلی: کانگریس کی اعلیٰ پالیسی ساز یونٹ ’کانگریس ورکنگ کمیٹی‘ (سی ڈبلیو سی) کی پیر کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں چل رہی میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ پارٹی صدر راہل گاندھی کی صدارت میں ہو رہی ہے اور اس میں جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر سینئر لیڈر موجود ہیں۔

میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات اور کچھ دیگر ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں انتخابات کے دوران اٹھنے والے اہم ایشوز پر خاص طور پر بحث کی جا رہی ہے۔ پارٹی ورکنگ کمیٹی کا گزشتہ اجلاس احمد آباد میں ہوا تھا۔

ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں راہل گاندھی کے ساتھ سابق وزیر اعظم منموهن سنگھ، سینئر لیڈر موتی لال وورا، غلام نبی آزاد، اے کے انٹونی، مکل واسنک اور پی چدمبرم موجود ہیں، متحدہ ترقی پسند اتحاد کی صدر سونیا گاندھی اس میں موجود نہیں ہیں۔


25 Mar 2019, 12:09 PM

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ، انتخابات سمیت کئی اہم ایشو پر ہوگی بات

دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہو رہی ہے، اس اجلاس میں کانگریس صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت کمیٹی کے رکن موجود ہیں۔

میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات اور کچھ ریاستوں میں انتخابات کی تیاریوں پر غور و خوض کیا جائے گا۔میٹنگ میں انتخابات کے دوران اٹھنے والے اہم ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پارٹی مجلس عاملہ کی آخری میٹنگ احمد آباد میں ہوئی تھی۔

25 Mar 2019, 11:09 AM

پرینکا نے کہا، شکشا متروں کو یوگی حکومت نے دیا دھوکا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا، "میں لکھنؤ میں کچھ ٹیچروں سے ملی، یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کو شہریہ 8470 روپے سے بڑھا کر 17،000 روپے دینے کا اعلان کیا تھا، مگر آج تک ان ٹیچروں کو صرف 8470 ہی مل رہے ہیں، حکومت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شور ہے، لیکن ٹیچروں کی آواز گم ہو گئی ہے"۔

اتر پردیش میں شکشا متروں کی بدحالی کو لے کر پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر حملہ بولا ہے، انہوں نے ٹوئٹ کر کہا، "اتر پردیش کے شکشا متر کی روز توہین ہوتی ہے، سینکڑوں متاثرین نے خودکشی کر لی، جو شکشا متر سڑکوں پر اترے حکومت نے ان پر لاٹھیاں چلائی، ان پر قومی سلامتی ایکٹ لگایا گیا، بی جے پی کے رہنما ٹی شرٹوں کی مارکیٹنگ میں مصروف ہیں، کاش وہ اپنی توجہ درد مندوں کی طرف مبذول کرتے"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔