عام انتخابات: پی ایم مودی کے قافلہ کی تلاشی کی کوشش پر سزا، آئی اے ایس محمد محسن معطل

میڈیا رپورٹوں کے مطابق محمد محسن پر یہ کارروائی پی ایم او کی دخل کے بعد ہوئی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ محسن نے کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کام نہیں کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 Apr 2019, 11:09 PM

پی ایم مودی کے قافلہ کی تلاشی لینے کی کوشش کی سزا، آئی اے ایس محمد محسن معطل

اڈیشہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے قافلہ کی تلاشی لینے کی کوشش کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے محمد محسن نامی آئی اے ایس افسر کو معطل کرنے کے احکامات صادر کر دئے۔ 1996 بیچ کے کرناٹک کیڈر کے آئی اے ایس محسن نے منگل کے روز سنبل پور میں پی ایم مودی کے قافلہ کی تلاشی لینے کی کوشش کی تھی لیکن ایس پی جی نے انہیں ایسا نہیں کرنے دیا گیا۔ محمد محسن اڈیشہ کے سنبل پور میں انتخابی مبصر کی حیثیت سے تعینات تھے۔

کمیشن کے سکریٹری راکیش کمار کے ذریعے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ محسن نے کمیشن کی جانب سے 22 مارچ اور 10 اپریل کو جاری ہدایات کے مطابق کام نہیں کیا جس کی وجہ سے انھیں معطل کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق محمد محسن پر یہ کارروائی پی ایم او کی دخل کے بعد ہوئی ہے۔

17 Apr 2019, 5:06 PM

بی جے پی لیڈر نے پھر کی بدزبانی، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو کہا ’کالا بھینس‘

بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی راجو کرگے نے بھی بی جے پی کے بدزبان لیڈروں میں اپنا نام شامل کر لیا ہے۔ انھوں نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو ’کالا بھینس‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔ دراصل ایک جلسہ عام کے دوران انھوں نے پی ایم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم بار بار اپنا لباس تبدیل کرتے ہیں۔ وہ خوبصورت اور ہینڈسم ہیں اس لیے لگاتار کپڑے تبدیل کرتے ہیں۔ لیکن آپ (کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی) دن میں 100 بار بھی غسل کریں گے تو ’کالے بھینس‘ ہی رہیں گے۔‘‘

17 Apr 2019, 4:03 PM

بی جے پی پولرائزیشن کی سیاست کر رہی ہے، الیکشن کمیشن کرے کارروائی: آر ایل ڈی

لکھنؤ: راشٹریہ لوک دل (آرایل ڈی) نے پریاگ راج میں بی جے پی پر ووٹوں کے پولرائزیشن کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان جاوید احمد نے بدھ کو الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے اپنے خط میں شکایت کی ہے کہ پریاگ راج میں بی جے پی امیدوار دنیش پرتاپ سنگھ کے حمایت میں یادو سماج کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الہ آباد ہائی کورٹ کے سبکدوش جج سکھا رام سنگھ یادو نے بی جے پی امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ مسٹر جاوید نے کہاکہ بی جے پی نے ذات اور فرقہ کی بنیاد پر پولرائزیشن کی کوشش کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ سوشل میڈیا پر مسٹریادو کا وائرل خط ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہےانہوں نے اس سلسلے میں بی جے پی امیدوار کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


17 Apr 2019, 3:10 PM

جیب خالی ہے اور اکاؤنٹ کھلوا رہے ہیں مودی جی: سدھو

گجرات کے احمد آباد میں ایک جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ’’پیٹ خالی ہے اور یوگا کرا رہے ہیں، جیب خالی ہے اکاؤنٹ کھلوا رہے ہیں۔ کیا یہ نریندر مودی کی حب الوطنی ہے؟ سب کو یوگا کرانا ہے تو رام دیو بنا دو۔‘‘

17 Apr 2019, 2:10 PM

میں پی ایم کی طرح جھوٹ بولنے نہیں، آپ سے جڑنے آیا ہوں: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے وائناڈ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں پی ایم کی طرح نہیں ہوں، میں یہاں جھوٹ بولنے نہیں آیا۔ میں آپ کی ذہانت اور دانشوری کی قدر کرتا ہوں۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’میں یہاں آپ سے کچھ مہینوں کے لیے رشتہ بنانے نہیں آیا بلکہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارا رشتہ زندگی بھر کا ہو۔‘‘


17 Apr 2019, 1:05 PM

انتخابی تشہیر پر پابندی کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کر رہے مندروں کا دورہ

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ اس وقت انتخابی تشہیر سے دور ہیں کیونکہ ان پر انتخابی کمیشن نے 72 گھنٹے کی پابندی لگا رکھی ہے۔ لیکن وہ اس پابندی کے بعد مندر-مندر گھومنے کا راستہ نکال لیا ہے۔ منگل کی صبح سے لگی ان پر پابندی کے بعد وہ کئی مندروں میں جا چکے ہیں اور آج وہ ایودھیا واقع ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کے لیے جائیں گے۔ اس طرح وہ انتخابی تشہیر تو نہیں کر پا رہے لیکن ایک پیغام لوگوں کو ضرور دے رہے ہیں۔

17 Apr 2019, 12:09 PM

آر ایس ایس اور بی جے پی ملک میں ایک شخص کی حکومت بنانے کی خواہشمند: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیرالہ کے وائناڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں ایک شخص کی حکومت ہو، یہ آر ایس ایس بی جے پی کا نظریہ ہے۔ میں گزشتہ کئی مہینوں میں ملک کے الگ الگ حصے میں گھوما۔ ملک کے لوگوں کی یہ آواز ہے کہ سبھی کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ ہمارے ملک کی تاریخ وہ نہیں ہے جو پی ایم مودی اپنی تقریروں میں بتاتے رہے ہیں۔‘‘ کانگریس صدر نے کہا کہ میں یہ پیغام دینا چاہتا تھا کہ جتنا ملک کا جنوبی حصہ اہم ہے، اتنا ہی جنوبی حصہ بھی اہم ہے۔ یہی سبب ہے کہ میں نے وائناڈ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا۔


17 Apr 2019, 10:57 AM

کیرالہ میں عوامی جلسہ سے قبل راہل گاندھی نے کی تھیرونیلّی مندر میں پوجا

کانگریس صدر راہل گاندھی کیرالہ کے وائناڈ پہنچ گئے ہیں۔ یہاں پہنچ کر انھوں نے وائناڈ کے تھیرونیلّی مندر میں پوجا کی۔ وہ اتر پردیش کے امیٹھی کے علاوہ ائناڈ لوک سبھا سیٹ سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں اور اس مقصد سے وہ آج وائناڈ میں عوامی جلسہ سے خطاب بھی کرنے والے ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس صدر کوزی کوڈ، ونڈور اور پلکڈ میں بھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

17 Apr 2019, 8:29 AM

کنی موجھی کے گھر انکم ٹیکس کا چھاپہ، کچھ ہاتھ نہیں لگا، خالی ہاتھ واپس

انکم ٹیکس محکمہ کے افسران اور انتخابی کمیشن کی ایک ٹیم نے منگل کو ڈی ایم کے لیڈر کنی موجھی کے تتوکُڈی واقع گھر پر چھاپہ ماری کی تھی جس میں انھیں کچھ بھی ہاتھ نہیں لگا ہے۔ انکم ٹیکس ذرائع کے مطابق کنی موجھی کے یہاں چھاپے میں کچھ بھی نہیں ملا اور جب یہ چھاپہ مارا گیا تو کنی موجھی وہاں موجود تھیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ انھیں کنی موجھی کے گھر پر کثیر مقدار میں نقدی جمع ہونے کی خبریں ملی تھیں، لیکن چھاپہ ماری میں ایسا کچھ بھی نہیں ملا۔ کنی موجھی کے گھر چھاپہ ماری کی خبر سن کر ڈی ایم کے حامیوں کی بھیڑ گھر کے باہر جمع ہو گئی اور پی ایم مودی کے خلاف زبردست نعرے لگے۔

کنی موجھی نے اپنے گھر پر ہوئی چھاپہ ماری کے تعلق سے کہا کہ ’’سرچ آپریشن کے لیے افسران کے پاس وارنٹ نہیں تھا۔ اس کے باوجود ہم نے افسران کے ساتھ پورا تعاون کیا۔ میرے خلاف رات کےس اڑھے نو بجے سمن جاری کیا گیا اور فوراً اسٹیٹمنٹ ریکارڈ کروانے کے لیے دباؤ بنایا گیا۔ جہاں تک میری جانکاری ہے، یہ قانونی نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ چونکہ میں اپوزیشن پارٹی کی ہوں اس لیے میرے یہاں چھاپہ مارا گیا ہے۔‘‘

دراصل انتخابات کے وقت انکم ٹیکس افسران کے لگاتار چھاپے پر رہے ہیں اور ان پر انگلیاں بھی اٹھ رہی ہیں کیونکہ یہ چھاپے اپوزیشن لیڈران کے خلاف ہی ہو رہے ہیں۔ کنی موجھی کے یہاں ہوئے تازہ چھاپے میں انکم ٹیکس افسران کو جب خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تو محکمہ کو کافی سبکی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */