عام انتخاب LIVE: کولکاتا میں امت شاہ کے روڈ شو میں تشدد، کئی گاڑیاں نذر آتش، دیکھیں ویڈیو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 May 2019, 7:47 PM

کولکاتا میں امت شاہ کے روڈ شو میں تشدد، کئی گاڑیاں نذر آتش، دیکھیں ویڈیو

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے منگل کے روز اپنے پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں کولکاتا میں روڈ شو نکالا۔ اس دوران جم کر ہنگامہ آرائی ہوئی۔ بی جے پی اور ٹی ایم سی کے کارکنان ایک دوسرے سے دست و گریباں ہو گئے۔ حالات کو قابو کرنے کے لئے پولس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ اس دوران آتشزدگی بھی کی گئی اور کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔

14 May 2019, 6:10 PM

وارانسی میں پرینکا کے روڈ شو کی تیاریاں مکمل

وارانسی: کانگریس جنرل سکریٹری و مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کے وارنسی میں روڈ شو کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پرینکا گاندھی 15 مئی بروز بدھ وارانسی پارلیمانی حلقے سے کانگریس امیدوار اجے رائے کی حمایت میں روڈ شو کریں گی۔

کانگریس سینئر لیڈر موہن پرکاش کے مطابق روڈ شو کا آغاز پنڈت مدن موہن مالویہ کی مورتی سے ہوگا اور اس کا اختتام کاشی وشوناتھ پر ہوگا۔ روڈ شو کے اختتام کے بعد پرینکا گاندھی واڈرا کاشی وشو ناتھ مندر میں پوجا بھی کریں گی۔

ملحوظ رہےکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کانگریس کی جانب سے اجے رائے کو امیدوار بنائے جانے کے بعد یہ پہلی دفعہ ہے جب پرینکا وارانسی کا دورہ کر رہی ہیں۔ اجے رائے نے 2014 کے انتخابات میں بھی وزیر اعظم کے خلاف وارانسی سے انتخاب لڑا تھا۔ 2014 میں اجے رائے تیسرے مقام پر رہے تھے۔

اجے رائے کو کانگریس کا امیدوار بنائے جانے سے قبل یہ خبر گردش میں تھی کہ پرینکا گاندھی واڈرا وارانسی سے وزیر اعظم نریندرمودی کے خلاف انتخابی میدان میں اتر سکتی ہیں۔ بہر حال اب وارانسی سے کانگریس کے موجودہ امیدوار اجے رائے نے کہا کہ کانگریس پی ایم مودی کے خلاف الیکشن کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔ کانگر یس کا ہر مرد و خاتون کارکن 19 مئی کے لئے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کرر ہا ہے۔

14 May 2019, 5:05 PM

میں سیاست میں ایک نئی زبان لانے پر زور دے رہا ہوں: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’میں سیاست میں ایک نئی زبان لانے پر زور دے رہا ہوں۔ آئیے ایشوز پر ایک دوسرے سے لڑیں۔ آئیے نظریات پر سخت جدوجہد کریں۔ لیکن، ایک دوسرے کے خلاف نفرت اور تشدد کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘‘


14 May 2019, 4:07 PM

مودی جی میری فیملی کی بے عزتی کرتے رہیں، میں ان کی فیملی کی بے عزتی کبھی نہیں کروں گا: راہل

مدھیہ پردیش کے اجین میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی جی کام نہیں کرتے ہیں، میری فیملی کی بے عزتی کرتے ہیں، میرے والد، میری دادی کی بے عزتی کرتے ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ پی ایم مودی میری فیملی کی بھلے ہی بے عزتی کرتے رہیں، میں مر جاؤں گا لیکن ان کے والدین کی بے عزتی نہیں کروں گا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ملک میں 45 سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے ساتھ ’نیائے‘ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت میں آتے ہی ہم ’نیائے‘ منصوبہ نافذ کریں گے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت ہم 20 فیصد ملک کے سب سے زیادہ غریب فیملی کو 72 ہزار روپے سالانہ دیں گے۔

14 May 2019, 3:06 PM

مغربی بنگال: کولکاتا میں ہونے والی امت شاہ کی ریلی پر منڈلائے خطرات کے بادل، پولس نے مانگے کاغذات

شمالی کولکاتا میں آج ہونے والی بی جے پی صدر امت شاہ کی ریلی پر پھر سے خطرات کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ شاہ کی ریلی سے پہلے کولکاتا پولس ریلی کی جگہ پر پہنچ گئی ہے اور ریلی سے متعلق اجازت نامہ کے کاغذات طلب کر رہی ہے۔ خبروں کے مطابق کولکاتا پولس نے اسٹیج سے جڑے اجازت نامے کے کاغذات طلب کیے ہیں اور کاغذات نہیں دینے پر اسٹیج توڑنے کے لیے کہا ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے جادھو پور میں بھی امت شاہ کو ریلی کی اجازت نہیں ملی تھی۔


14 May 2019, 2:10 PM

مودی کے ’علمِ ریڈار‘ پر راہل گاندھی نے کیا طنز

کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش کے نیمچ میں وزیر اعظم مودی کے علمِ ریڈار پر بیان دینے پر طنز کیا ہے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا، ’’نریندر مودی نے ایئر چیف مارشل سے کہا کہ ہمارے لئے یہ فائدہ کی بات ہے کہ موسم خراب ہے اور مطلع ابر آلود ہے۔ اس سے دشمن کے ریڈار ہمارے طیاروں کو پکڑ نہیں پائیں گے۔ مودی جی، یہ بتائیے کہ جب ملک میں بارش ہوتی ہے تو کیا تمام ایئرکرافٹ ریڈار سے غائب ہو جاتے ہیں۔‘‘

کانگریس صدر نے کہا، ’’مودی جی آپ نے آم کھانا سکھا دیا، کرتا کاٹنا سکھا دیا اب ذرا ملک کو یہ بھی بتا دیں کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ملک کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے کیا کیا؟‘‘

14 May 2019, 12:05 PM

مغربی بنگال: باراسات میں بی جے پی پر پیسے بانٹنے کا لگا الزام، پولس نے کی چھاپہ ماری

مغربی بنگال کے باراسات سے ترنمول کانگریس امیدوار کاکولی گھوش دستی دار کی شکایت پر پولس نے پیر کے روز باراسات میں ایک بی جے پی کارکن کے گھر پر چھاپہ ماری کی۔ ترنمول کانگریس امیدوار کا کہنا ہے کہ ’’وہ پیسے تقسیم کر رہے ہیں۔ یہ بی جے پی کر رہی ہے۔‘‘


14 May 2019, 10:12 AM

مدھیہ پردیش: رتلام میں پرینکا گاندھی 5 فیٹ اونچا بیریکیڈ پار کر خواتین سے ملاقات کرنے پہنچیں

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی پیر کے روز مدھیہ پردیش کے دورہ پر تھیں۔ اس دوران انھوں نے رتلام میں جلسہ سے خطاب کیا۔ رتلام میں جلسہ ختم ہونے کے بعد وہ کچھ خواتین سے ملنے کے لیے پہنچ گئیں۔ ان کے درمیان پانچ فیٹ اونچا بیریکیڈ تھا۔ خواتین ان سے ملنا چاہتی تھیں۔ خواتین کے جوش کو دیکھ کر پرینکا گاندھی نے بیریکیڈس کو چڑھ کر پار کیا اور خواتین سے ملاقات کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */