عام انتخابات LIVE: جناح کی تعریف کرنے والے بی جے پی امیدوار کے بیان پر مودی ملک سے معافی مانگیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 May 2019, 5:56 PM

جناح کی تعریف کرنے والے بی جے پی امیدوار کے بیان پر مودی ملک سے معافی مانگیں: کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے مدھیہ پردیش کے رتلام میں وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی مہم کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقسیم کے لئے ذمہ دار محمد علی جناح کی شان میں قصیدہ پڑھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار گمان سنگھ ڈامور کے بیانات کے سلسلے میں پی ایم مودی کو ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ دو دن پہلے رتلام کے بی جے پی امیدوار ڈامور نے جناح کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو کی جگہ جناح کو وزیر اعظم بنا دیا جاتا تو ملک کے ٹکڑے نہیں ہوتے۔ پون کھیڑا نے اس بیان کی مذمت کی اور کہا کہ پی ایم مودی کے ساتھ ہی بی جے پی صدر امت شاہ، مرکزی وزیر ارون جیٹلی اور بی جے پی کی اعلی قیادت اس بیان کے لئے ملک سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ڈامور کے قابل اعتراض بیان کے دو دن بعد ہی پی ایم مودی ان کے پارلیمانی حلقہ رتلام پہنچ کر ان کے لئے ووٹ مانگتے ہیں۔ یہ سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ بی جے پی لیڈر پنڈت نہرو سے نفرت کرکے جناح سے محبت کر بیٹھتے ہیں یا جناح کے پیار میں نہرو سے نفرت کرتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی ایک کتاب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بابا صاحب نے لکھا ہے کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ملک کی تقسیم کے معاملے پر آر ایس ایس اور جناح کے خیالات یکساں ہیں۔

13 May 2019, 5:06 PM

پانچ سالوں میں مودی جی نے اپنے پارلیمانی حلقہ کے لوگوں کو 5 منٹ کا بھی وقت نہیں دیا: پرینکا گاندھی

مدھیہ پردیش کے رتلام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں صرف مودی جی نے تشہیر کا کام کیا اور کچھ بھی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی تشہیر میں مودی جی کہہ رہے ہیں کہ وہ ایک بڑے ’تپسوی‘ ہیں۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے 5 سالوں میں بڑے بڑے کام کیے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’عبادت غرور کو توڑتی ہے۔ عبادت غصے اور نفرت کا خاتمہ کرتی ہے۔ اُن کی عبادت نے غرور کو نہیں توڑا ہے۔ آج اس حکومت کا غرور اتنا بڑھ چکا ہے کہ آپ کے درمیان آنے کا ایک ہی ذریعہ ہے ریلیاں۔ پانچ سالوں سے وہ حکومت میں بیٹھے ہیں، لیکن انھیں پانچ منٹ تک کا وقت اپنے پارلیمانی حلقہ میں جانے کا نہیں ملا۔‘‘

13 May 2019, 3:09 PM

پنجاب: انتخابی تشہیر کے دوران بال بال بچے سنی دیول، کار کا ٹائر پھٹا، قافلے کی گاڑیاں ٹکرائیں

اداکار اور پنجاب کے گرداس پور سے بی جے پی امیدوار پیر کو ایک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ امرتسر-گرداس پور قومی شاہراہ سے گزرتے وقت سنی دیول کے ایس یو وی کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔ پولس نے بتایا کہ سنی دیول کے قافلے میں چل رہی کم از کم چار گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا غئیں۔ حالانکہ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔


13 May 2019, 2:06 PM

اترپردیش: بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

بلیا: اترپردیش کے ضلع بلیا کے بیریا اسمبلی حلقے سے بی جے پی ایم ایل اے سریندر سنگھ سمیت پانچ افراد کے خلاف ریوتی تھانہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ الیکشن افسر وپن کمار جین نے پیر کو بتایا کہ نارائن گڑھ میں راجیش سنگھ کے گھر کے سامنے بی جے پی کی نکڑ سبھا ہورہی تھی۔ سبھا میں بیریا ایم ایل اے سریندر سنگھ کی موجودگی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے فوٹو والے ٹی شرٹ تقسیم کئے جارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلی کے دوران رائے دہندگان کو لبھانے کی کوشش کی گئی۔ یہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ فلائنگ اسکواڈ وجے شنکر رائے کی تحریر پر ریوتی تھانے میں ایم ایل اے سریندر سنگھ، بی جے پی کے ڈویژنل صدر وجے بہادر سنگھ، پپو سنگھ، راجیش سنگھ، دھیریندر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

13 May 2019, 1:08 PM

رمضان اور گرمی کے پیش نظر صبح 5 بجے سے ووٹنگ کرائے جانے کے مطالبہ والی عرضی عدالت سے خارج

سپریم کورٹ نے اس عرضی کو خارج کر دیا ہے جس میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ عدالت انتخابی کمیشن کو یہ ہدایت دے کہ رمضان کے مہینے میں گرمی کی شدت کو دھیان میں رکھ کر صبح 7 بجے کی جگہ 5 بجے ووٹنگ سروع کرائے۔


13 May 2019, 11:51 AM

آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ایک ’ہندو‘ تھا، نام تھا ناتھو رام گوڈسے: کمل ہاسن

تمل ناڈو کے اراواکروچی اسمبلی میں انتخابی تشہیر کے دوران اداکار اور مکّل ندھی میّم پارٹی کے سربراہ کمل ہاسن نے کہا کہ آزاد ہندوستان کا پہلا دہشت گرد ہندو تھا اور اس کا نام تھا ناتھو رام گوڈسے۔

13 May 2019, 11:09 AM

مغربی بنگال: امت شاہ کو جادھو پور میں ریلی کی نہیں ملی اجازت

بی جے پی صدر امت شاہ کی آج مغربی بنگال کے جادھو پور میں پارٹی امیدواروں کی حمایت میں ریلی ہے۔ خبر رساں ایجنسی نے بی جے پی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شاہ کو یہ ریلی کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ ساتھ ہی انھیں ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق اجازت نہیں ملنے کے بعد امت شاہ کی جادھو پور کی ریلی رد ہو گئی ہے۔


13 May 2019, 9:12 AM

راہل گاندھی کا پنجاب دورہ آج، دو پبلک ریلی سے کریں گے خطاب

کانگریس صدر راہل گاندھی آج پنجاب کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ آج فتح گڑھ صاحب اور ہوشیار پور میں انتخابی تشہیر کریں گے۔ وہ ان دونوں مقامات پر پبلک ریلی کرنے والے ہیں جس میں مودی حکومت کی ناکامیوں اور عوام مخالف پالیسیوں کو لوگوں کے سامنے رکھیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔