’آپریشن سندور‘ پر لوک سبھا میں بحث آج، حکومت سے سوال کرنے کے لیے اپوزیشن تیار، کانگریس اراکین پارلیمنٹ کو وہپ جاری
16 گھنٹے تک چلنے والی اس لمبی بحث کی شروعات وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔ ’آپریشن سندور‘ اور پہلگام حملہ معاملے پر راجیہ سبھا میں 29 جولائی کو 16 گھنٹے بحث ہوگی۔

پارلیمنٹ آف انڈیا
پارلیمنٹ کا ہنگامہ خیز مانسون اجلاس جاری ہے۔ لوک سبھا میں کارروائی کا آج (28 جولائی) ایک اہم دن ہے کیونکہ دوپہر 12 بجے سے ’آپریشن سندور‘ پر بحث شروع ہونے والی ہے۔ یہ بحث ضروری دستاویزوں کے پارلیمنٹ کی میز پر رکھے جانے کے بعد شروع ہوگی۔ 16 گھنٹے تک چلنے والی اس لمبی بحث کا آغاز خود وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کریں گے۔ مرکزی وزیر پارلیمانی امور کرن رجیجو نے کہا ہے کہ لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر 28 جولائی کو 16 گھنٹے اور راجیہ سبھا میں 29 جولائی کو 16 گھنٹے بحث ہوگی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس اہم بحث سے پہلے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سی ڈی ایس جنرل انل چوہان، دفاع سکریٹری راجیش کمار سنگھ اور تینوں افواج کے سربراہوں کے ساتھ کئی دور کی میٹنگیں کی ہیں۔ ان میٹنگوں میں حکومت کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ وہیں آپریشن سندور کو لے کر اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ بھی مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے۔ بحث سے ٹھیک پہلے آج اپوزیشن پارٹیوں کی ایک میٹنگ ہونے جا رہی ہے جس میں مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
اس بحث کو لے کر اپوزیشن کا رخ واضح ہے کیونکہ کانگریس کی طرف سے راہل گاندھی بحث کی شروعات کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس بحث میں شامل ہوکر بول سکتے ہیں جو اپوزیشن کا ایک اہم مطالبہ ہے۔ اپوزیشن کے بولنے کے دوران وزیر اعظم کی موجودگی بھی ضروری مانی جا رہی ہے۔ بحث کے دوران سماج وادی پارٹی کی طرف سے اکھلیش یادو اور ایم پی راجیو رائے حصہ لینے والے ہیں۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے اور ’آپریشن سندور‘ پر بحث کے پیش نظر کانگریس نے اپنے لوک سبھا اراکین کو وہپ جاری کرکے پیر سے تین دنوں تک ایوان میں موجود رہنے کو کہا ہے۔ دراصل کانگریس پارٹی شروع سے ہی اس معاملے پر خصوصی بحث کا مطالبہ کر رہی تھی لیکن مرکزی حکومت مسلسل اسے نظر انداز کرتی جا رہی تھی لیکن آخر کار اسے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران ’آپریشن‘ سندور پر بحث کے لیے تیار ہونا پڑا۔
واضح رہے کہ آپریشن سندور کی شروعات 7 مئی کو تب ہوئی جب جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے ایک کامیاب اور تیز طرار فوجی مہم چلائی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس آپریشن کو ’وجے اُتسو‘ قرار دیا ہے۔ سرکاری رپورٹس کے مطابق آپریشن سندور محض 22 منٹ میں مکمل ہو گیا اور اس میں کئی دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ مار گرایا گیا۔ اسے 100 فیصد کامیاب فوجی آپریشن بتایا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔