شمال مشرق میں تشدد کے مسئلے پر لوک سبھا میں نوک جھونک، اپوزیشن کا واک آؤٹ

شہریت ترمیمی بل کے سلسلے میں شمال مشرق میں جاری تشدد کے مسئلے پر لوک سبھا میں اپوزیشن نے حکومت پر بنگلہ دیش سے تعلقات خراب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تلخ حملہ کیا

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: شہریت ترمیمی بل کے سلسلے میں شمال مشرق میں جاری تشدد کے مسئلے پر لوک سبھا میں اپوزیشن نے حکومت پر بنگلہ دیش سے تعلقات خراب کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تیکھا حملہ کیا جبکہ برسراقتدار پارٹی نے اپوزیشن پر شمال مشرق میں تشدد بھڑکانے کا الزام لگایا۔ اس تیکھی نوک جھونک کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

کانگریس کےلیڈر ادھیر رنجن چودھری نے وقفہ صفر میں اس مسئلے کو اٹھایا اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم کی بات کی تردید کرتے ہوئے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات بگاڑنے کی کوشش کررہی ہے اور پاکستان اور چین کوا یسے حالات کا فائدہ اٹھانے کا موقع دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا،’’ہم نہیں چاہتے کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہوں۔پاکستان اور چین اس موقع کا فائدہ اٹھانےکی تاک میں بیٹھے ہیں۔


چودھری کے اس الزام پر حکومت کی جانب سے تیکھا ردعمل ہوا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہاکہ کانگریس شمال مشرق میں تشدد بھڑکا رہی ہے۔بی جےپی کے نیشی کانت دوبے نے کہا کہ تشکیل کے وقت بنگلہ دیش ایک سیکولر ملک تھا اور بعد میں وہ اسلامی ملک ہوگیا۔انہوں نے نیپالی مسلم ایم کے سبا کا نام لے کر کہا کہ اس نے ملک میں دراندازی کرائی۔ دوبے نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کا نام لے کر کہا کہ ان کے دفتر میں کانگریس نے شمال مشرق میں غیر ملکیوں کی دراندازی اورمذہب تبدیل کرایا جس سے ایک طرح سے مکمل شمال مشرق عیسائی ہوگیا ہے۔

دوبے کے اتنا کہنے پر اپوزیشن بھڑک اٹھا۔ چودھری سمیت کانگریس ،نیشنلسٹ کانگری،بائیں بازو پارٹیاں،ڈی ایم کے وغیرہ پارٹیوں کے رکن ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔بعد میں ترنمول کانگریس کے پروفیسر سوگت رائے نے بھی شمال مشرق کے موضوع پر وقفہ صفر میں بحث کرنی چاہئے،لیکن صدر اوم بلا نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس سے ناراض ہوکر ترنمول کانگریس کے اراکین نے بھی واک آؤٹ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔