’لوکو پائلٹس کو اب کھانے اور رفع حاجت کے لیے نہیں ملے گا بریک‘، کانگریس نے ریلوے کے فرمان کو تاناشاہی قرار دیا
کانگریس کا کہنا ہے کہ لوکو پائلٹس کی زندگی بے حد مشکل ہوتی ہے۔ وہ بغیر آرام کے گھنٹوں کام کرتے ہیں۔ ایسے میں لنچ اور ٹوائلٹ بریک ان کے بنیادی حقوق ہیں، یہ سہولت انھیں ملنی ہی چاہیے۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
مودی حکومت کے ایک فیصلے کی کانگریس نے شدید مذمت کی ہے۔ یہ فیصلہ لوکو پائلٹ، یعنی ٹرین چلانے والے ملازمین سے متعلق ہے۔ دراصل ریلوے کے نئے فرمان کے مطابق لوکو پائلٹ کو لنچ (کھانا) اور ٹوائلٹ (بیت الخلاء) کے لیے بریک پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی فیصلے کی کانگریس نے شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’’ریلوے نے ایک تاناشاہی فرمان سنایا ہے۔ ریلوے نے کہا ہے کہ لوکو پائلٹس کو کھانا کھانے اور ٹوائلٹ بریک پر جانے کی اجازت نہیں مل سکتی۔‘‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی اپنی پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’لوکو پائلٹس کی زندگی بے حد مشکل ہوتی ہے۔ وہ بغیر آرام کے گھنٹوں کام کرتے ہیں۔ ایسے میں لنچ اور ٹوائلٹ بریک ان کے بنیادی حقوق ہیں، جو انھیں ملنے ہی چاہئیں۔‘‘ کانگریس نے مزید لکھا ہے کہ ’’ریلوے کا یہ حکم بے حسی پر مبنی اور فطری و انسانی احساسات کے خلاف ہے۔ اس فیصلے پر عمل کرنے سے لوکو پائلٹس کو انفیکشن اور گردے سے جڑی سنگین بیماریاں بھی ہو سکتی ہیں۔‘‘
کانگریس نے اس معاملے میں مرکز کی مودی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ وزیر ریل پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ’’اپنی ریل بازی کے چکر میں ریلوے کی سیکورٹی و سہولیات کو ’چھوٹا واقعہ‘ بتانے والے وزیر ریل کو شرم آنی چاہیے۔‘‘ کانگریس نے ریلوے کے اس فیصلہ پر ایک ویڈیو گرافکس بھی جاری کیا ہے، جس میں بتایا ہے کہ مودی حکومت نے ریلوے سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی۔ یہ کمیٹی اس فیصلے پر پہنچی کہ ریلوے چلانے والے لوکو پائلٹس کو لنچ اور ٹوائلٹ بریک نہ دیا جائے۔ کانگریس نے اس فیصلے پر اپنی حیرانی بھی ظاہر کی اور اسے شرمناک قرار دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔