لاک ڈاؤن میں غریب اور مزدور طبقہ بحران کا شکار، وزیر داخلہ خاموش: کپل سبل

کپل سبل نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’ہم گھروں میں بند ہیں، لاکھوں پردیسی گھر پہنچنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، زندہ رہنے کے لئے گھروں میں رہ کر جد و جہد کرنی پڑ رہی ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے ہفتے کے روز کہا کہ ملک میں ایک غیر متوقع ’لاک ڈاؤن‘ جاری ہے، جس کی وجہ سے غیر ریاستوں میں کام کرنے والے افراد جد و جہد کر رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر خاموشی طاری ہے۔

کپل سبل نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’ہم گھروں میں بند ہیں، لاکھوں پردیسی گھر پہنچنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، زندہ رہنے کے لئے گھروں میں رہ کر جد و جہد کرنی پڑ رہی ہے اور متعدد لوگ ایسے ہیں جو گھر نہیں پہنچ سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ کی طرف سے نہ تو کوئی بات (اس سلسلے میں) سامنے آئی ہے اور نہ ہی وہ نظر آئے ہیں۔‘‘


امت شاہ پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’انہوں نے کوئی بٹن نہیں دبایا، اس کے باوجود ہمیں گھر میں حکومت کے فیصلوں کا کرنٹ محسوس ہوتا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے وقت شاہین باغ میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف خواتین کا مظاہرہ چل رہا تھا۔ اس وقت کی انتخابی مہم کے دوران امت شاہ نے کہا تھا کہ ووٹ ڈالتے وقت لوگوں کو اتنی سختی سے بٹن دبانا چاہیے کہ کرنٹ شاہین باغ میں محسوس ہو۔


تاہم، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی کی 70 میں سے صرف 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کر پائی تھی۔ ادھر، کووڈ ۔19 کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کی روک تھام کے لئے حکومت نے 21 دن کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستان میں اب تک مجموعی طور پر 918 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے 815 زیر علاج ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے 20 افراد کی موت ہوگئی ہے، جبکہ 83 افراد علاج کے بعد مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔