لاک ڈاؤن: بنگال میں غیر انتہائی متاثرہ علاقوں میں دکانیں اور سیلون کھولنے کی اجازت

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ سیلون اور بیوٹی پارلربھی کھلیں گے مگر ایک اوزار کو 6 افراد سے زائد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے

ممتا بنرجی
ممتا بنرجی
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے لاک ڈاؤ ن کے چوتھے مرحلہ کے لئے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے 50 فیصد ورک فورسیس کے ساتھ سرکاری و غیر سرکای دفاتر اور شاپنگ مال کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ سیلون اور بیوٹی پارلر بھی کھلیں گے مگر ایک اوزار کو 6 افراد سے زائد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال میں ہوٹل کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے مگر معاشرتی فاصلے کی سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بین اضلاع بسیں چلانے کی بھی اجازت دیدی گئی ہے اس سے قبل گرین زون کے اضلاع میں بس چلانے کی اجازت تھی۔ اس کے علاوہ اسپورٹس کی بھی اجازت دیدی گئی ہے مگر بھیڑ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ 21مئی سے سیلون اور بیوٹی پارلر کھولنے کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے کہ بیوٹی پارلر کھلنے کا ایک طویل مدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ معاشرتی فاصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بیوٹی پارلر اور سیلون میں حفاظتی انتظامات بھی کرنے لازمی ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بڑی دکانوں کو کھولنے کی اجازت 21مئی سے دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاکرس غیر کنٹیمنٹ زون میں 27مئی سے دکانیں کھول سکتے ہیں۔ تاہم ریسٹورنٹ کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح سنیماہال اور تھیٹر کو کھولنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاستی حکومت کورونا وائرس نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں اور وارڈ سطح پر کنٹیمنٹ زون بنائے جارہے ہیں تاکہ کورونا پھیلے نہیں۔ کنٹیمنٹ زون کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے متاثرہ زون، بی بفر زون (متاثرہ علاقے کے قریب کا علاقہ) سی جہاں کوئی بیماری نہ ہو۔ ممتا بنرجی نے نے کہا کہ کنٹیمنٹ زون کے علاوہ تمام علاقوں میں مارکیٹ کھلیں گیں۔ ممتا بنرجی نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی انتظامات ماسک اور دستانے ضرور استعمال کریں او ر دکانوں پر بھیڑ جمع کرنے سے گریز کریں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ غیر مقیم مزدوروں کو بنگال لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 7ٹرین پہنچ گئی ہیں اور مزید ٹرین پہنچنے والی ہیں اور 235 ٹرینوں سے غیر مقیم مزدروں کو لایا جا رہا ہے جس کے اخراجات بنگال حکومت برداشت کرے گی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ لاک ڈاؤن 31 مئی تک جاری رہے گا۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ کرفیو کا لفظ ہم استعمال نہیں کریں گے۔ ممتا بنرجی ے کہا کہ تمام بڑی دکانیں 21 مئی سے کھل جائیں گی اور ہاکر مارکیٹ 27مئی سے کھلیں گی مگر متبادل دنوں میں کھلیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 May 2020, 9:40 PM