مدھیہ پردیش: کورونا قہر کے درمیان اتوار کو 12 شہروں میں ’لاک ڈاؤن‘

مدھیہ پردیش کے شہر ودیشا، اجین، گوالیر، نرسنگھ پور، سونسر، اندور، بھوپال، جبل پور، بیتول، چھندواڑا، رتلام اور کھرگون میں 28 مارچ یعنی اتوار کے روز لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا کے معاملے مدھیہ پردیش میں انتہائی تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ریاستی انتظامیہ نے کئی شہروں میں سخت احتیاطی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھتے ہوئے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے پانچ مزید شہروں میں اتوار کے روز لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ سات شہروں میں پہلے سے ہی لاک ڈاؤن لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ودیشا، اجین، گوالیر، نرسنگھ پور اور سونسر نئے شہر ہیں جہاں 28 مارچ یعنی اتوار کو لاک ڈاؤن رہے گا۔

اس سے قبل مدھیہ پردیش حکومت نے اندور، بھوپال، جبل پور، بیتول، چھندواڑا، رتلام اور کھرگون میں اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا احکام صادر کیا تھا۔ اس طرح سے 28 مارچ کو مجموعی طور پر 12 شہروں میں لاک ڈاؤن رہے گا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش میں جمعہ کے روز کورونا انفیکشن کے 2091 نئے معاملے سامنے آئے، جس سے ریاست میں اب تک کورونا کی زد میں آئے افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 84 ہزار 265 ہو گئی۔ جمعہ کے روز 9 لوگوں کی اس وبا کے سبب موت بھی واقع ہوئی، اور اس طرح کورونا سے مدھیہ پردیش میں ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 3 ہزار 937 پہنچ گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔