ایم پی کورونا: بھوپال، اندور اور جبل پور میں مکمل لاک ڈاؤن، سڑکوں پر خاموشی

مدھیہ پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثر کے پیش نظر تین اہم شہروں بھوپال، اندور اور جبل پور میں اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے

علامتی تصویر / آئی اے این ایس
علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثر کے پیش نظر تین اہم شہروں بھوپال، اندور اور جبل پور میں اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ ان شہروں میں فی الحال 32 گھنٹوں کے لئے مکمل بندشیں عائد ہیں۔ اس دوران ضروری خدمات پر مامور افراد آنے جانے کی چھوٹ دی گئی ہے، تاہم سڑکوں اور بازاروں میں خاموشی کا عالم نظر آ رہا ہے۔

مدھیہ پردیش میں کورونا کے یومیہ مریضوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھوپال میں سب سے زیادہ 345 نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے، وہیں اندور میں 317 اور جبل پور میں 116 مریض پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر شہروں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر مہاراشٹر سے آنے اور جانے والی بسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


کورونا کے انفیکشن کی روک تھام کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، وہیں اندور، بھوپال اور جبل پور میں ہفتہ کی رات 10 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس 32 گھنٹے کی تالا بندی کے پیش نظر سڑکوں پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی ہے اور جگہ جگہ بیریکیڈ نصب کئے گئے ہیں۔ ضروری خدمات تواتر سے جاری ہیں، وہیں عام لوگوں کی آمد و رفت پر پوری طرح پابندی ہے۔

ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اندور، بھوپال اور جبل پور میں اتورا کے روز لاک ڈاؤن کے دوران سماجی تقریبات منعقد کرنے کے لئے انتظامیہ سے اجازت طلب کرنا ہوگی۔ تینوں شہروں میں آئندہ 31 مارچ تک اسکور اور کالج بھی بند رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔