لاک ڈاؤن 5.0: مسجد، مندر، چرچ، گرودوارے 8 جون سے کھل جائیں گے، لیکن خبردار...

مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح جلد ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیڈرس جاری کرنے والی ہے جس میں بتایا جائے گا کہ مذہبی مقامات یا عبادت گاہوں کو کن شرائط پر کھولا جا سکے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن 5.0 سے متعلق رہنما خطوط (گائیڈ لائنس) جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ آئندہ 8 جون سے مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ لیکن اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ پہلے کی طرح آزادانہ طور پر مسجد، مندر یا چرچ یا دیگر مذہبی عبادت گاہوں میں جا کر عبادت کر سکتے ہیں، تو آپ غلط ہیں۔ سب سے پہلے تو آپ یہ جان لیں کہ کنٹنمنٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن 5.0 کا نفاذ پہلے کے مطابق سختی کے ساتھ نافذ رہے گا اور جو عبادت گاہیں ان علاقوں میں ہیں، وہاں پابندیاں جاری رہیں گی۔


مرکزی وزارت داخلہ نے جو رہنما خطوط آج جاری کیے ہیں، اس کے مطابق 8 جون سے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو کھولنے کا فیصلہ ضرور لیا گیا ہے لیکن جلد ہی مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیڈرس (ایس او پی) یعنی اہم ہدایات جاری کرے گی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات پر انتظامات کیے جائیں گے۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح یہ ہدایات مرکزی وزارتوں، متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ مشورہ کر کے تیار کرے گی تاکہ سوشل ڈسٹنسنگ کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جا سکے اور کورونا کے پھیلاؤ کو بھی روکا جا سکے۔

ظاہر ہے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں میں داخل ہونے سے متعلق کئی طرح کے شرائط سامنے رکھے جائیں گے تاکہ نہ ہی سوشل ڈسٹنسنگ کی خلاف ورزی ہو اور نہ ہی زیادہ بھیڑ جمع ہو سکے۔ اس لیے ایسا فی الحال کم ہی ممکن نظر آتا ہے کہ مسجدوں میں باجماعت نماز کی ادائیگی پہلے کی طرح ممکن ہو پائے گی یا پھر نماز جمعہ کے لیے لوگ سینکڑوں کی تعداد میں مسجدوں میں جا سکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 May 2020, 8:20 PM