100 دنوں میں دہلی کو بجلی کے تاروں سے نجات دلانے میں عآپ کی طرح ریکھا گپتا حکومت بھی ناکام: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’تاروں کے جال سے نجات دلانے کا وعدہ کر کے بی جے پی حکومت نے 100 کروڑ کے بجٹ کا اعلان تو کر دیا لیکن 2 ماہ گزرنے کے بعد بھی اس اسکیم پر عمل درآمد نہیں ہوا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی کو بجلی کے تاروں کے جال سے آزاد کرانے میں ناکام ریکھا گپتا حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پرانی دہلی، چاندنی چوک، سیلم پور، کرول باغ، مصطفیٰ آباد سمیت دہلی کی غیر مجاز کالونیوں، کچی بستیوں اور بحالی کالونیوں میں گھروں کے باہر لٹک رہے بجلی کے تاروں کے جال کی وجہ سے کبھی بھی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے۔ دہلی کی بی جے پی حکومت ان تاروں کے جال کو منظم کرنے میں گزشتہ حکومت کی طرح ناکام ثابت ہو چکی ہے۔ کانگریس دہلی صدر نے کہا کہ گزشتہ دنوں کالکاجی میں پارک میں کھیلتے ہوئے 9 سال کے لڑکے کی اسٹریٹ لائٹ پول کو چھونے سے موت ہو گئی۔

دیویندر یادو کے مطابق دہلی حکومت نے فائر سیفٹی، زیادہ خطرہ والے اور بھیڑ والے علاقوں کو بہتر بنانے کے لیے 100 کروڑ کے بجٹ کا اعلان کیا ہے۔ لیکن عام آدمی پارٹی کے ذریعہ دہلی کو برباد کرنے کے بعد ریکھا گپتا حکومت دہلی کو منظم کرنے کے بجائے صرف اعلانات کر رہی ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ تاروں کے جال سے نجات دلانے کا وعدہ کر کے بی جے پی حکومت نے 100 کروڑ کے بجٹ کا اعلان تو کر دیا لیکن 2 ماہ گزرنے کے بعد بھی اس اسکیم پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اصل میں بی جے پی حکومت ابھی تک دہلی میں منصوبہ بند طریقہ سے کام کرنے کی کوئی پالیسی ہی نہیں بنا پائی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی کے عوام کو ہر محکمہ کے اعلان سے ہی اطمینان کرنا پڑ رہا ہے، کیونکہ عوام کو یقین نہیں ہے کہ کام کب ہوگا یا نہیں ہوگا۔


دیویندر یادو نے کہا کہ گھروں اور گلیوں کے باہر غیر منظم طور پر لٹک رہے بجلی کے تار روزمرہ کی زندگی کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال جھانگولا میں چھت پر لٹک رہے تاروں کی چپیٹ میں آ کر ڈھائی سالہ بچہ کی موت ہو گئی تھی، اسی طرح پٹیل نگر میں بارش کے دوران پانی میں کرنٹ لگنے سے طالب علم کی موت ہو گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چاندنی چوک، جامع مسجد، دریا گنج، مٹیا محل، شاہین باغ اور علی پور جیسے کثیر آبادی والے علاقے میں حکومت بار بار اعلانات کے باوجود کام نہیں کر رہی ہے۔ طوفان اور بارش کے دوران یہاں لٹکنے والی تاریں لوگوں کی جانیں لینے کے لیے کافی ہیں۔

دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا کا تاروں کے جال سے آزادی کا اعلان کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے، اس سے قبل بھی عام آدمی پارٹی کی دہلی حکومت نے عوام کو غیر منظم لٹکتے بجلی کے تاروں سے نجات دلانے اور زیر زمین تاریں بچھانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن 11 سالوں میں عام آدمی پارٹی نے مکمل طور پر بجلی کا نظام ہی برباد کر دیا۔ ان کی توجہ صرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور بدعنوانی پر مرکوز تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت کو لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے دہلی کو تاروں کے جال سے آزاد کرانے کے منصوبے پر کام شروع کرنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔