دہلی-این سی آر میں ہلکی بارش، دھند کا خاتمہ، سردی میں اضافہ

دہلی این سی آر میں موسم سرما کے دوران آج پہلی بار بارش ہوئی، جس کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی، آنے والے دنوں میں راجدھانی کا موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @basicallynabbo
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @basicallynabbo
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آج علی الصبح گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی۔ بارش کے سبب دھند میں بھی کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دہلی اور ملحقہ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آج کم از کم 11 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق این سی آر کے گوتم بدھ نگر، غازی آباد کے علاوہ یو پی کے بلندشہر، علی گڑھ، مرادآباد، سنبھل، بدایوں اور رام پور اور دیگر اضلاع میں اگلے تین گھنٹوں میں بارش یا گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے برق فشانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔


محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ہفتہ سے کڑاکے کی سردی پڑ سکتی ہے اور پیر کے روز تک کم از کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔ گزشتہ روز جمعہ کو کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ آج بارش کے بعد دہلی کی فضا کی کوالٹی (اے کیو آئی) بہتر ہونے کی امید ہے۔ گزشتہ ہفتہ اے کیو آئی 362 درج کیا گیا تھا جو انتہائی خراب کے زمرے میں شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔