اقلیتی نوجوانوں و خواتین کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جائے گی: نواب ملک

تمام اضلاع میں تربیت حاصل کرنے کے متمنی امیدوراوں کی تعداد کا فیصلہ اقلیتی طبقات کے 15 سے 45 سال کی عمر کے نوجوانوں و خواتین کی آبادی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ہر بیچ میں 30 کے قریب امیدوار ہوں گے

این سی پی لیڈر نواب ملک / تصویر آئی اے این ایس
این سی پی لیڈر نواب ملک / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا میں اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں وخواتین کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے انہیں لوکل بزنس اور صنعتی ضروریات کے مطابق اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جائے گی۔ اس کے لیے 20 کروڑ روپئے خرچ کیے جائیں جسے حکومت نے مختص کردیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 11ہزار 764 امیدواروں کو تربیت دی جائے گی۔ اس تعلق سے حکومتی حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں اقلیتی فلاح وبہبود نیز اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔

اس ضمن میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے نواب ملک نے کہا ہے کہ مسلم، عیسائی، سکھ، بودھ، پارسی، جین اور یہودی طبقے سے تعلق رکھنے والے 15سے 45 سال کی عمر کے نوجوانوں وخواتین کو اس پروگرام کے تحت تربیت دی جائے گی۔ بینکنگ وٹیکس اسسٹنٹ، ہیلتھ کیئر، تعمیرات، لاجسٹکس، کمپیوٹر سافٹ ویئر وہارڈ ویئر، انیمیشن اور ملٹی میڈیا (اسسٹنٹ کیمرہ مین)، آٹوموبائیل، موٹر میکینک، ہیوی وہیکل، روڈ رولر ڈرائیور، جے سی بی ڈرائیور سمیت لوکل بزنس ولوکل صنعتی ضروریات کے پیشِ نظر تربیت اس پروگرام میں شامل ہیں۔ یہ تربیتی پروگرام 300 سے 600 گھنٹوں کی رہے گی۔


مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے ذریعے اسکل انڈیا پورٹل پر رجسٹرڈ اداروں کا انتخاب کرتے ہوئے ان کے ذریعے یہ تربیت دی جائے گی۔ اداروں کے انتخاب جلد ازجلد عمل میں لایا جائے نیز اس کے بعد کورونا کی صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام شروع کیا جائے۔ یہ پروگرام اقلیتی فلاح وبہبود کی وزارت کے ذریعہ روبہ عمل لایا جارہا ہے۔

ریاست کے تمام اضلاع میں تربیت حاصل کرنے کے متمنی امیدوراوں کی تعداد کا فیصلہ اقلیتی طبقات کے 15 سے 45 سال کی عمر کے نوجوانوں و خواتین کی آبادی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ہربیچ میں 30 کے قریب امیدوار ہوں گے۔

نواب ملک کے مطابق تمام امیدواروں کو معیاری تربیت دی جائے گی اور اس کے لیے فی امیدوار تقریباً 17ہزار روپئے خرچ کیا جائے گا۔ تربیت کی تکمیل کے بعد متعلقہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ امیدواروں کو ملازمت یا خود روزگار فراہم کرایا جائے گانیز امیدواروں کو سیکٹر اسکل کونسل کے ذریعہ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔