’آئیے... اس ناانصافی کے خلاف مل کر قدم بڑھائیں‘، ووٹ بندی کی کوششوں سے ناراض انڈیا اتحاد کا چکہ جام کل

کانگریس نے عوام سے ’بہار بند‘ کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ بندی کی سازش بابا صاحب امبیڈکر کے آئین پر براہ راست حملہ ہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/Dipankar_cpiml">@Dipankar_cpiml</a></p></div>

تصویر@Dipankar_cpiml

user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب سے قبل الیکشن کمیشن کے ذریعہ ریاست میں ’ایس آئی آر‘ یعنی ووٹرس کی خصوصی گہری نظر ثانی کرائے جانے کو انڈیا اتحاد ’سنگین سازش‘ قرار دے رہا ہے۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے الیکشن کمیشن کے اس عمل پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے 9 جولائی، یعنی کل ’چکہ جام‘ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ کانگریس، آر جے ڈی اور بایاں محاذ پارٹیوں سمیت انڈیا اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران و کارکنان بھی 9 جولائی کو ہونے والے ’بہار بند‘ میں پیش پیش نظر آئیں گے۔ انڈیا اتحاد نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی ’ناانصافی‘ کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں۔

کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بہار کی عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی تساہلی کا مظاہرہ نہ کریں۔ کانگریس نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بہار کے باشندوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ووٹ بندی کی یہ سازش بابا صاحب امبیڈکر کے آئین پر براہ راست حملہ ہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی ہے کہ ’’آئیے... اس ناانصافی کے خلاف ساتھ مل کر قدم بڑھائیں اور اپنے حق رائے دہی کی حفاظت کریں۔‘‘ اس پوسٹ کے آخر میں لکھا گیا ہے ’’ووٹ بندی کے خلاف، بہار کی دہاڑ۔‘‘


کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ کے قومی چیئرمین راجندر پال گوتم کا ایک ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا ہے، جس میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کل 9 جولائی 2025 کو پورا انڈیا اتحاد بہار بند کرنے جا رہا ہے۔ میں تمام ساتھیوں، خصوصاً محروم طبقات کے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آئینی اور پُرامن طریقے سے اس احتجاج میں ضرور شامل ہوں۔‘‘ وہ کہتے ہیں کہ ’’ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے آج الیکشن کمیشن بی جے پی کی جیب میں ہو، انھیں فتحیاب کرانا چاہتا ہو۔ کیونکہ جب بھی اپوزیشن کوئی شکایت الیکشن کمیشن سے کرتا ہے، کمیشن کوئی کارروائی نہیں کرتا۔‘‘

راجندر پال گوتم کا کہنا ہے کہ آئین نے الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار اور شفاف انتخاب کروانے کی ذمہ داری دی ہے، لیکن کیا الیکشن کمیشن اس میں کامیاب ہوا ہے؟ جواب ہے، نہیں۔ کیونکہ لوگوں کو یہ بھروسہ نہیں ہے کہ وہ جس کو اپنا ووٹ دینا چاہتے ہیں، اس کو اُن کا ووٹ جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر مزید کہتے ہیں کہ ’’آج الیکشن کمیشن کی ساکھ خطرے میں ہے۔ لگاتار ای وی ایم ہٹا کر، بیلٹ پیپر سے انتخاب کروانے کا مطالبہ سامنے آتا رہتا ہے۔ آج ملک میں ووٹرس کا بھروسہ قائم کرنے کی ضرورت ہے، لیکن الیکشن کمیشن کے ذریعہ ایسے کاغذات مانگنا جو غریب، محروم و استحصال زدہ طبقات کے لوگوں کے پاس ہیں ہی نہیں، یہ کیسے انصاف پر مبنی ہے؟‘‘


اپنے ویڈیو پیغام میں راجندر پال گوتم نے سوال اٹھایا ہے کہ ’’کیا کمزور طبقات کے لوگ ہندوستان کے شہری نہیں ہیں؟ کیا ان کو انتخاب میں ووٹ دینے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ آخر میں کانگریس لیڈر بہار کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’میں تمام ساتھیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ سب لوگ مل کر، پُرامن طریقے سے بہار بند کو کامیاب بنائیں۔ الیکشن کمیشن کو یہ بتا دینا ہے کہ ہم کسی بھی شخص کا جائز ووٹ کاٹنے نہیں دیں گے۔ یہ دھوکہ دہی ہمارے ہوتے ہوئے نہیں ہو سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔