انگریزی زبان کی طرح ہندی زبان کا سیکھنا بھی بہت ضروری: پروفیسر طلعت احمد

پروفیسر طلعت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندی ہماری قومی زبان ہے جس طرح انگریزی زبان کا سیکھنا ضروری ہے اسی طرح ہندی زبان کا سیکھنا بھی بہت ضروری ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کا کہنا ہے کہ انگریزی زبان کی طرح ہندی زبان سیکھنا بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی ہماری قومی زبان ہے اور جو لوگ اردو زبان بولتے ہیں وہ ہندی زبان بھی بول سکتے ہیں۔ موصوف وائس چانسلر نے ان باتوں کا اظہار کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ہندی میں منعقدہ 'ہندی دیوس' کے موقعے پر اپنے خطاب کے دوران کیا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر بھی مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔

پروفیسر طلعت نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'ہندی ہماری قومی زبان ہے جس طرح انگریزی زبان کا سیکھنا ضروری ہے اسی طرح ہندی زبان کا سیکھنا بھی بہت ضروری ہے'۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان اور ہندی زبان میں زیادہ فرق نہیں ہے جس کو اردو زبان آتی ہے وہ ہندی زبان بھی بول سکتا ہے۔ موصوف وائس چانسلر نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ہندی میں 'ہندی سرٹیفکیٹ' کورس شروع کیا جانا چاہیے اور اگر ایک ہی طالب علم اس کورس میں داخلہ لیتا ہے تب بھی یہ کورس جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ اردو زبان بولتے ہیں لہٰذا وہ اچھی ہندی بول سکتے ہیں۔


یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندی شعبہ یونیورسٹی کے پرانے شعبوں میں سے ایک شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس شعبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ اس تقریب سے اسکول آف آرٹس، لینگویجز اینڈ لٹریچر کے ڈین پروفیسر عادل امین کاک اور شعبہ ہندی کی سابق سربراہ پروفیسر زہرہ افضل نے بھی خطابات کئے اور ہندی زبان و ادب پر روشنی ڈالی۔ شعبہ ہندی کی موجودہ سربراہ پروفیسر زاہدہ جبین نے خطبہ استقبالیہ پیش کر کے شعبے کی حصولیابیوں کو اجاگر کیا جبکہ پروفیسر ربی زتشی نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔