کانگریس سینئر لیڈر آر کے دھون کی آخری رسومات ادا

کانگریس کے سینئر لیڈر آر کےد ھون کے جسد خاکی کو پھولوں سے لدے ایمبولنس میں رکھ کر آخری دیدار کے لیے کانگریس صدر دفتر لایا گیا جہاں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے انھیں پرخلوص خراج عقیدت پیش کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے پرسنل سکریٹری رہے آر کے دھون کا جسد خاکی آج سپرد خاک کر دیا گیا۔ سینئر کانگریس لیڈر کی آخری رسوم بدھ کی شام 5 بجے دہلی میں ادا کی گئی۔ دھون کو 6 اگست کی شام ایک مقامی اسپتال میں 81 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

اس سے قبل آر کے دھون کے جسد خاکی کو پھولوں سے لدے ایمبولنس میں رکھ کر آخری دیدار کے لیے کانگریس صدر دفتر لایا گیا جہاں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں دھون کا جسد خاکی لودی شمشان گھاٹ لے جایا گیا جہاں ان کی لاش کو ’مکھاگنی‘ دی گئی۔

دھون کے انتقال سے کانگریس میں غم کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پیر کے روز دھون کے انتقال کی خبر آنے کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر اظہارِ غم کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ دھون کے انتقال سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’آر کے دھون کو میں بچپن سے جانتا ہوں اور وہ کانگریس فیملی کے اہم اور سینئر رکن تھے۔ ان کے انتقال نے کانگریس فیملی میں ایک خلا پیدا کر دیا ہے۔ سبھی ان سے محبت کرتے تھے اور ان کے شیدائی تھے۔ میں اس غم کے وقت میں ان کی فیملی اور دوستوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کرتا ہوں۔‘‘

یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے بھی آر کے دھون کے انتقال پر اپنی تکلیف کا اظہار کیا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ دھون کے جانے سے پارٹی اور ملک کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ کانگریس ہمیشہ ان کے تعاون کو یاد کرے گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کے کئی سینئر لیڈروں نے دھون کے انتقال پر غم ظاہر کیا اور ان کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی ظاہر کی۔

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ رہ چکے آر کے دھون ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے پرسنل سکریٹری رہے تھے۔ وہ 1984 میں اندرا گاندھی کے قتل کے وقت ان کے ساتھ موجود تھے اور وہ اس واقعہ کے عینی شاہد بھی تھے۔ آر کے دھون کی شروعاتی پڑھائی دہرہ دون اور پھر بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) سے ہوئی تھی۔ انھوں نے کافی دیر سے سال 2012 میں 74 سال کی عمر میں شادی کی تھی۔ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ وہ کانگریس اور گاندھی فیملی کے سچے خادم تھے اس لیے انھوں نے عقیدت کے ساتھ خدمت میں پوری زندگی گزارنے کا فیصلہ لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2018, 10:15 PM