معاشی پیکیج کی آخری قسط جاری، جانیں کیا اعلانات کئے گئے؟

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ مرکزی حکومت نے منریگا کے بجٹ میں بہت بڑا اضافہ کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس کا بجٹ 61 ہزار کروڑ تھا اور اب اس بجٹ میں 40 ہزار کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اتوار کے روز معاشی پیکیج کی پانچویں اور آخری قسط جاری کر دی۔ آخری قسط میں بھی مودی حکومت کی طرف سے کیے کاموں کا ہی ذکر زیادہ تھا اور نئے اعلانات کم ہی نظر آئے۔ اس قسط میں وزیر خزانہ نے منریگا، اسکولی تعلیم، صحت، عوامی شعبہ کی کمپنیوں اور چھوٹی صنعتوں سے مععلق کچھ ضوابط کی تبدیلی پر توجہ دی گئی۔


وزیر خزانہ نے کہا ’’ملک کی صحت سے متعلق پی ایم مودی نے 15000 کروڑ کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس میں سے 4113 کروڑ ریاستوں کو دیئے گئے ہیں۔ اس میں سے 3750 کروڑ روپے ضروری اشیا پر خرچ ہوئے اور 505 کروڑ روپے ٹیسٹنگ لیب اور کٹس پر خرچ ہوئے ہیں۔‘‘

سیتارمن نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’آج ہمارے پاس پی پی ای کے 300 سے زیادہ گھریلو مینوفیکچررز موجود ہیں، اس وبا سے پہلے ہمارے پاس اس کا ایک بھی مینوفیکچر بھی نہیں تھا۔ ہم پہلے ہی 51 لاکھ پی پی ای اور 87 لاکھ این۔ 95 ماسک اور 11.08 کروڑ ہائیڈروکسی کلوروکوین کی گولیاں فراہم کر چکے ہیں۔


وزیر خزانہ نے کہا ’’مرکزی حکومت نے دیہی علاقوں میں روزگار کے لئے اسکیم ’منریگا‘ کے بجٹ میں بہت بڑا اضافہ کیا ہے۔ منریگا بجٹ میں 40 ہزار کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل منریگا کا بجٹ 61 ہزار کروڑ تھا، اب اس میں 40 ہزار کروڑ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مہاجر مزدور دیہات میں جانے کے بعد منریگا کے تحت اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔‘‘


وزیر خزانہ سیتارمن نے کہا کہ اسکول لاک ڈاؤن میں بند کر دیئے گئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں حکومت آن لائن تعلیم پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ٹی ایچ میں مزید 12 نئے چینلز شامل کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 4 گھنٹے کا مواد فراہم کریں، جسے لائیو چینلوں پر دکھایا جا سکے۔


وزیر خزانہ نے بتایا کہ 100 اسکولوں کو آن لائن کورسز کی منظوری دی گئی ہے۔ نیز، ’پی ایم ای ودیا‘ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ معذور (مختلف اہلیت رکھنے والے) بچوں کے لئے بھی آن لائن کورس چلایا جائے گا۔ سیتارمن نے بتایا کہ لاکڈائن میں بچوں پر دباؤ پڑتا ہے، لہذا بچوں کو نفسیاتی طور پر صحت مند رکھنے کے لئے بھی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے چھوٹی صنعتوں کے حوالہ سے بھی اعلان کیا۔ انہوں کہا کہ کمپنی قانون کی بیشتر دفعات کو مجرمانہ زمرے سے باہر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے لئے دیوالیہ قرار دینے کے عمل پر روک لگائی جائے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قرض کی ادائیگی نہ کر پانے پر ایک سال تک کسی کو دیوالیہ قرار نہیں دیا جائے گا۔ چھوٹی صنعتوں کے دیوالیہ پن کی حد بھی ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کر دی جائے گی۔


وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس کی جھلکیاں:

  • محکمہ صحت کے لئے 15 ہزار کروڑ کا اعلان
  • جانچ اور لیب کٹس کے لئے 550 کروڑ
  • صحت کارکنوں کے لئے 50 لاکھ روپے کی انشورنس اسکیم
  • ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کے اگلے مرحلے کے لئے مشن موڈ پر کام جاری
  • منریگا کے لئے اضافی 40 ہزار کروڑ روپے کا اعلان
  • مہاجر مزدوروں کو اپنا نام منریگا میں درج کرانے کی چھوٹ
  • لیب نیٹ ورک کو مستحکم کیے جانے کا اعلان
  • کلاس 1 سے 12 تک کے لئے ون کلاس، ون چینل لانچ کرنے کا اعلان
  • ’مختلف اہلیت‘ رکھنے والے بچوں کے لئے آن لائن کورس
  • آن لائن کورس کے لئے 100 اسکولوں کو منظوری
  • بچوں کو نفسیاتی طور پر صحت مند رکھنے کے لئے اسپیشل پروگرام
  • دیوالیہ قرار دینے کے عمل پر ایک سال کے لئے روک لگانے کا اعلان
  • کمپنی ایکٹ کے متعدد قواعد مجرمانہ زمرے سے باہر ہوں گے
  • چھوٹی صنعتوں کے لئے حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کی گئی
  • عوامی شعبے کے لئے نئی پالیسی لائی جائے گی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 May 2020, 3:11 PM