’لینڈ، سینڈ، مائن اور وائن مافیا تلنگانہ کو لوٹ رہے‘، حیدر آباد میں کے سی آر پر کھڑگے کا زوردار حملہ

ملکارجن کھڑگے نے حیدر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر فارم ہاؤس میں بیٹھ کر حکومت چلاتے ہیں اور عوام کو ’دور سے دَرشن‘ دینا پسند کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>حیدر آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

حیدر آباد میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے حیدر آباد پہنچے جہاں جلسہ عام سے انتہائی پُرزور انداز میں خطاب کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران بدعنوانی معاملے پر بی آر ایس حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا اور کہا کہ ’’تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی آر فارم ہاؤس میں بیٹھ کر حکومت چلاتے ہیں۔ کے سی آر ریاست کی غریب عوام اور مسائل کو لے کر آنے والے لوگوں سے ملاقات بھی نہیں کرتے۔ کے سی آر امیروں، زمین مافیاؤں، ریت مافیاؤں اور شراب مافیاؤں سے قریب پہنچ کر ملاقات کرتے ہیں، لیکن عوام کو دور سے دَرشن دیتے ہیں۔‘‘

تلنگانہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس پارٹی کے حق میں بن رہے یکطرفہ ماحول کے درمیان ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کانگریس اور سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست کے قیام میں اہم کردار نبھایا۔ تلنگانہ بننے کا فائدہ عوام کو ملنا تھا جو کہ نہیں ہوا۔ اس کا فائدہ صرف کے سی آر (کے. چندرشیکھر راؤ) نے اٹھایا۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے تلنگانہ کو لوٹنے کا کام کیا ہے۔ بی آر ایس حکومت میں لینڈ، سینڈ، مائن اور وائن مافیا تلنگانہ کو لوٹ رہے ہیں۔


کھڑگے نے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کے ذریعہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تنقید کیے جانے پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ ’’اندرا گاندھی نے غریبوں کے لیے بہت کام کیا، لیکن پھر بھی کے سی آر ان کی برائی کرتے ہیں۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے اتحاد کے لیے اپنی قربانی دے دی جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ انھوں نے سوال کیا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر اور بی جے پی نے ملک کے لیے کیا کیا ہے؟ کانگریس نے تلنگانہ میں پشتہ، نہریں، فیکٹریاں اور اسپتال بنوائے جس سے عوام کو فائدہ پہنچتا تھا۔ کانگریس کے ذریعہ قائم کی گئی فیکٹریوں میں ہزاروں لوگ کام کرتے تھے جنھیں پی ایم مودی ایک ایک کر بند کر رہے ہیں اور کے سی آر ایسا ہونے دے رہے ہیں۔

کھڑگے نے بی آر ایس، بی جے پی اور اے آئی ایم آئی ایم کے درمیان خفیہ اتحاد کا دعویٰ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تینوں پارٹیاں اندرخانے مل کر کانگریس کے خلاف ایک ٹیم کی طرح انتخاب لڑ رہی ہیں۔ ان کے ساتھ ہی ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس محکمہ بھی کانگریس کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ کانگریس آئین اور جمہوریت بچانے کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اپنی تقریر کے دوران کھڑگے نے ایک بار پھر پی ایم مودی کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ’’پی ایم مودی نے کہا تھا کہ وہ بلیک منی لا کر سبھی کے اکاؤنٹس میں 15 لاکھ روپے دیں گے، ہر سال دو کروڑ ملازمتیں دیں گے، کسانوں کی آمدنی دوگنی کریں گے... لیکن کسی کو کچھ نہیں ملا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔