لالو پرساد پھر بنے راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر، 2028 تک سنبھالیں گے ذمہ داری
سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے کہا کہ ’’غریبوں کو بتانا ہے کہ بی جے پی عوام کے خلاف کیا کر رہی ہے۔ تیجسوی کو ہم نے آگے کھڑا کیا ہے، انتخاب آ رہا ہے اس میں تیجسوی یادو کو ذمہ داری دینا ہے۔‘‘

لالو پرساد یادو (فائل)، تصویر آئی اے این ایس
بہار کی راجدھانی پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی نیشنل ایگزیکٹو کی میٹنگ میں لالو پرساد یادو کو ایک بار پھر پارٹی کا قومی صدر بنایا گیا۔ وہ اب 2028 تک اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اس موقع پر میٹنگ میں موجود لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ ’’میں آپ سبھی کا شکر گزار ہوں کہ آپ لوگوں نے مجھ پر بھروسہ کیا۔ پارٹی کو کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔ تیجسوی یادو دن و رات محنت کر کے ہر ایک چیز کو دیکھتے ہیں، ہر جگہ جاتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی لالو پرساد یادو نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ ’’آپ لوگ بھی پارٹی کے کام میں دل و جان سے مصروف رہتے ہیں، انتخاب کا وقت نزدیک ہے، ہم سب کو متحد رہنا ہے۔‘‘
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’غریبوں کو بتانا ہے کہ بی جے پی عوام کے خلاف کیا کر رہی ہے۔ تیجسوی کو ہم نے آگے کھڑا کیا ہے، انتخاب آ رہا ہے اس میں تیجسوی یادو کو ذمہ داری دینا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنی صحت کی پرواہ نہیں کرتے ہیں، روز رات میں تیجسوی سے پوچھتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ انتخاب میں امیدوار کون ہوگا اس کے لیے سروے ہو رہا ہے۔‘‘ لالو پرساد یادو کے بیٹے اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنے والد کو بلا مقابلہ پارٹی کے قومی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’یہ صرف آر جے ڈی کے لیے ہی نہیں بلکہ بہار کے کروڑوں غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک فخریہ لمحہ ہے۔ لالو جی کو بہار کی عوام کے جانب سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آج بھی ان کے افکار اور جدوجہد ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔‘‘
تیجسوی یادو کے علاوہ بہار کی سابق وزیر اعلیٰ اور ان کی والدہ رابڑی دیوی نے بھی پارٹی کارکنان سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سب سے زیادہ ہجرت بہار سے ہی کیوں ہوتی ہے؟ یہاں آئی ٹی سیکٹر کیوں نہیں ہے؟ این ڈی اے نے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کو دور کرنے کا اب تک کوئی مشورہ کیوں نہیں دیا ہے؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ایسا کوئی دن نہیں ہے جب ریاست میں قتل، عصمت دری اور ڈکیتی کے واقعات پیش نہ آتے ہوں۔ ایسے لوگوں نے بہار اور ملک کو برباد کر دیا ہے۔‘‘