لکھیم پور کھیری تشدد: سپریم کورٹ نے آشیش مشرا کی عبوری ضمانت میں کی توسیع

سپریم کورٹ نے 14 مارچ کو کہا تھا کہ لکھیم پور کھیری تشدد کیس کی سماعت کی رفتار سست نہیں ہے، اس کے بعد 25 جنوری کو آشیش مشرا کو 8 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا / آئی اے این ایس</p></div>

لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2021 کے لکھیم پور کھیری تشدد کیس میں مرکزی وزیر اجے کمار مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کو دی گئی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔ جسٹس سوریا کانت اور جسٹس دیپانکر دتہ نے یہ مشاہدہ کرتے ہوئے کہ مقدمہ فی الحال جاری ہے، معاملے کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ قبل ازیں 24 اپریل کو سپریم کورٹ نے دیگر زیر التوا معاملات پر ممکنہ اثرات کے سبب ٹرائل کورٹس کو روزانہ سماعت کرنے کی ہدایت دینے کے چیلنج کو اجاگر کیا تھا۔ نتیجتاً اب عبوری ضمانت میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے 14 مارچ کو کہا تھا کہ لکھیم پور کھیری تشدد کیس کی سماعت کی رفتار سست نہیں ہے، اس کے بعد 25 جنوری کو آشیش مشرا کو 8 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دی گئی۔ جنوری میں سپریم کورٹ نے مشرا کو ضمانت دیتے ہوئے کئی شرائط عائد کی تھیں۔ اسے رہائی کے ایک ہفتے کے اندر یوپی چھوڑنے کو کہا گیا اور کہا گیا کہ وہ یو پی کے علاوہ دہلی اور این سی آر میں بھی نہیں رہ سکتا۔ مشرا سے کہا گیا کہ وہ عدالت کو اپنے مقام کے بارے میں مطلع کرے گا اور اگر اس کے اہل خانہ یا مشرا کی طرف سے گواہ پر اثر انداز ہونے کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کی ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔


خیال رہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو لکھیم پور کھیری ضلع کے تکونیا میں اس وقت ہونے والے تشدد کے دوران 8 افراد مارے گئے تھے، جب کسان یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے علاقے کے دورے پر احتجاج کر رہے تھے۔

اتر پردیش پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق اس کار نے 4 کسانوں کو روند دیا تھا، جس میں آشیش مشرا بیٹھے تھے۔ اس واقعہ کے بعد مشتعل کسانوں نے مبینہ طور پر ایک ڈرائیور اور بی جے پی کے دو کارکنوں کو ہلاک کر دیا۔ تشدد کے دوران ایک صحافی کی بھی موت ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔