کپوارہ آپریشن: دو فوجی افسروں سمیت 5 سیکورٹی اہلکار از جان، 2 ملی ٹنٹ بھی ہلاک

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران فوج کی راشٹریہ رائفلز کا ایک کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر، جموں وکشمیر پولیس کا ایک سب انسپکٹر، ایک لانس نائیک اور ایک رائفل مین جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ میں جمعہ کو شروع ہونے والا ملی ٹنٹ مخالف آپریشن دو فوجی افسروں سمیت پانچ سیکورٹی فورسز اہلکاروں اور دو ملی ٹنٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران فوج کی راشٹریہ رائفلز کا ایک کمانڈنگ آفیسر، ایک میجر، جموں وکشمیر پولیس کا ایک سب انسپکٹر، ایک لانس نائیک اور ایک رائفل مین جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ سبھی سیکورٹی اہلکار اس مکان میں پھنس گئے تھے جس میں ملی ٹنٹ چھپے بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ کے ژنجہ مولہ نامی گائوں میں جاری ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران ہفتہ کو دو فوجی افسروں سمیت پانچ سیکورٹی اہلکار اس رہائشی مکان میں داخل ہوئے جس میں ملی ٹنٹ چھپے بیٹھے تھے۔ تاہم یہ سبھی اہلکار مذکورہ مکان میں ہی پھنس کر رہ گئے۔


انہوں نے کہا کہ مکان میں پھنسے والے اہلکاروں کو بچانے اور وہاں موجود ملی ٹنٹوں کو ہلاک کرنے کے لئے پیرا کمانڈوز کو کام پر لگا دیا گیا تھا۔ اگرچہ ملی ٹنٹ مارے گئے، لیکن وہ سیکورٹی اہلکاروں کو بچا نہیں سکے۔ ہندوارہ کے جنگلات میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشن جمعہ کو اس وقت شروع ہوا تھا جب واڈر بالا نامی گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکورٹی فورسز نے بعد ازاں ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا جس دوران جمعہ کو طرفین کے درمیان ژنجہ مولہ میں تصادم شروع ہوا۔ بتادیں کہ وادی میں سیکورٹی فورسز نے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بیچ ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز میں تیزی لائی ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ 45 دنوں میں اب تک کم از کم 30 ملی ٹنٹ مارے جاچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔